عظمیٰ نیوز سروس
چنڈی گڑھ//وزیر اعظم نریندر مودی سیلاب سے متاثرہ پنجاب میں حالات کا جائزہ لینے کے لیے 9 ستمبر کو گرداسپور کا دورہ کریں گے ۔ پنجاب کے تمام 23 اضلاع شدید سیلاب کی زد میں ہیں، جس سے ہزاروں افراد بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے ۔ اپنے دورے کے دوران، وزیر اعظم متاثرہ کسانوں اور کنبوں سے ملاقات کریں گے تاکہ ان کے مسائل کو سمجھا جا سکے اور انہیں مرکز کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی جاسکے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی پنجاب یونٹ نے اس دورے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس بحران کی گھڑی میں پنجاب کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے ۔ پنجاب کے 1,996 گاؤوں سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، جن میں گرداسپور (329 گاؤں)، امرتسر 195، ہوشیارپور173، کپور تھلہ 145،برنالہ 121،فیروز پور 108، سنگرور 107، پٹیالہ 105، منسا 95، جالندھر 93، پٹھان کوٹ 88، فاضلکا 80، لدھیانہ 77، ترن تارن 70، موگا 52، روپ نگر 44، مکتسر23، بھٹنڈہ 21، فریدکوٹ 15، ایس اے ایس نگر15، مالیر کوٹلہ 12اورایس بی ایس نگر 28شامل ہیں۔ 12 اضلاع میں 46 افراد کی موت ہوگئی۔ پٹھان کوٹ میں تین افراد لاپتہ ہیں۔ مویشیوں کے نقصانات کے حتمی اعداد و شمار تاحال موصول نہیں ہوئے ، لیکن مویشی پروری کو نمایاں نقصان ہونے کی اطلاع ملی ہے ۔