سرینگر// جنوبی سرینگر کے تجارتی اتحاد سائوتھ سٹی ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن نے سیلاب2014کے متاثرہ تاجروں کے حق میں فی کس ایک سے2لاکھ روپے تک کا یک مشت معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے سابق وزیراعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید کے وعدوں کو پورا کرنے کی اپیل کی ہے ۔سائوتھ سٹی ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے اجلاس میں صدر صوفی محی الدین نے کہاہے کہ سیلاب متاثرہ70فیصد تاجروں کو بھر پور معاوضہ سے محروم رکھا گیا ہے جبکہ صرف30فیصد سیلاب متاثرہ تاجروں کو 25000روپے سے30000روپے تک کا معاوضہ فراہم کیا گیا جوکہ سراسر ناانصافی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید نے سیلاب متاثرین کو ایس کے آئی سی سی کی ایک میٹنگ میں یہ یقین دلایا تھا کہ 5لاکھ ٹرن اوور رکھنے والے تاجروں کو ایک لاکھ روپے تک کا معاوضہ دیا جائے گاجبکہ10لاکھ روپے ٹرن اوور والے متاثرہ تاجروں کو 2لاکھ تک دئے جائیں گے جبکہ وزیرخزانہ ڈاکٹر حسیب درابو نے بھی تاجروں کی پہلی فرصت میں بازآبادکاری کے وعدے کئے تھے لیکن ان وعدوں پر ابھی تک عمل درآمد نہیں ہوا ہے ۔سائوتھ سٹی ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیدریشن نے وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی سے سیلاب متاثرین کو بھر پور معاوضہ ادا کرنے کی درخواست کی۔