عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے وزیر اعلی عمر عبداللہ پر زور دیا ہے کہ وہ مرکز سے ان فنڈس کے بارے میں جواب طلب کریں جو سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پہلے ہی منظور ہو چکے ہیں لیکن استعمال نہیں ہوئے۔محبوبہ مفتی نے جمعہ کو ضلع اننت ناگ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرہ عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے خصوصی پیکیج کے تحت دریائے جہلم کے لئے 1,630 کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے مگر یہ رقم تاحال صرف نہیں کی گئی۔پی ڈی پی صدر نے مزید بتایا کہ 2014 کے بعد عالمی بینک سے 1,500 کروڑ روپے کا قرض بھی تعمیر نو اور بحالی کے لئے لیا گیا تھا لیکن اس پر بھی خاطر خواہ کام انجام نہیں دیا گیا۔انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر دریائے جہلم اور دریائے توی میں ڈریجنگ اور باندھوں کی مضبوطی کا کام فی الفور شروع نہ ہوا تو آئندہ کسی ممکنہ سیلاب کی صورت میں نقصان کہیں زیادہ ہوسکتا ہے۔محبوبہ مفتی نے کہا: حکومت کو چاہئے کہ پانی کے ذخائر کی حفاظت کے لئے ٹھوس اقدامات کرے تاکہ آئندہ عوام اور کھیت کھلیان سیلابی آفات سے محفوظ رہ سکیں۔