سرینگر//حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے ریاست میں پیدا ہوئی سیلابی صورتحال پر گہری تشویش اور فکر مندی کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں سے توبہ واستغفار کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آفات سماوی اللہ تبارک وتعالیٰ کی طرف سے بندوں کے لیے وارننگ اور سرزنش کی حیثیت رکھتی ہیں کہ وہ اپنے اعمال کا محاسبہ کریں اور ان میں دُرستی کی فکر کریں۔ گیلانی نے حکومت کی بھی اس بات کے لیے کڑی تنقید کی کہ وہ الیکشن ڈرامہ رچانے کی کوششوں میں مصروف ہے اور اس نے لوگوں کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ 2014کے سیلاب کے موقعے کی طرح سیلابی صورتحال میں پھنسے اپنے بھائیوں کی مدد کریں اور امداد باہمی کے طور ان کا ہر طرح سے خیال رکھیں۔