عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//پونچھ کے منڈی علاقے میں 7 جولائی کو منعقد ہونے والی سیرت النبی کانفرنس سے قبل، راجوری پونچھ رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس تجیندر سنگھ نے جمعرات کو علاقے کا دورہ کرتے ہوئے سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پونچھ شفقات حسین، ایڈیشنل ایس پی موہن لال شرما اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔منڈی تحصیل ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک اہم سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈی آئی جی نے مجوزہ مذہبی اجتماع کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے اور عوام میں اعتماد و اطمینان پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے افسران اور سول سوسائٹی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے فرقہ وارانہ ہم آہنگی، قانون و نظم کی بحالی اور تمام متعلقین کے درمیان مؤثر تال میل کو ناگزیر قرار دیا۔بعد ازاں ڈی آئی جی تجیندر سنگھ، ایس ایس پی شفقت حسین اور دیگر افسران نے امام بارہ منڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شیعہ برادری کے اراکین اور مقامی شہریوں سے ملاقات کی، انہیں محرم الحرام کے آغاز پر مبارکباد دی اور مذہبی تقریبات کے پرامن انعقاد کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔افسران نے اس موقع پر لوگوں کو یقین دہانی کرائی کہ پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیاں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گی تاکہ تمام مذہبی اور سماجی تقریبات پْرامن ماحول میں منعقد ہو سکیں۔اس کے بعد پولیس افسران نے لورن اور سلطان پتھری کے سیاحتی مقامات کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مقامی لوگوں سے تبادلہ خیال کیا، ان کے مسائل سنے اور انہیں پولیس کی مکمل معاونت و تعاون کی یقین دہانی کرائی۔پونچھ پولیس کی طرف سے جاری ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دورے کا مقصد کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دینا اور عوام کو یہ پیغام دینا تھا کہ پولیس ہر وقت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے دستیاب اور سنجیدہ ہے۔علاقہ عوام نے پولیس کی اس فعال اور مثبت پیش قدمی کی سراہنا کی اور خطے میں امن، بھائی چارے اور سیکورٹی کی بحالی کے لئے پولیس کی کوششوں پر اظہار تشکر کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع پولیس پونچھ عوام کے مفادات کے تحفظ، امن و اتحاد کے قیام اور تمام برادریوں کے مذہبی جذبات کے احترام کے لئے پرعزم ہے۔