سوپور//سید پورہ سوپور میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں آبادی سخت مشکلات سے دوچار ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقہ گزشتہ 30 برسوں سے پینے کے صاف پانی سے محروم ہے۔علی محمد ریشی نامی ایک شہری نے بتایاکہ سید پورہ تین علاقوں پر مشتمل ہے اوریہاں کی آبادی گزشتہ 30 برسوں سے پانی کی ایک ایک بوند کے لئے ترس رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ پی ایچ ای کو اس سلسلے میں کئی بار آگاہ کیا گیا مگر یقین دہانیوں کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آیا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہاں کے لوگ ندی نالوں کا گندہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں جس سے کبھی بھی وبائی بیماریاں پھوٹ پڑسکتی ہیں۔ علاقے میںآئے روز بچے کسی نہ کسی بیماری میں مبتلا ہوجاتے ہیں اور ڈاکٹران بیماریوں کی وجہ صرف ناصاف پانی کا استعمال بتارہے ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ ہمیشہ انہیں یقین دلاتا ہے کہ علاقہ میں ایک نئی واٹرسپلائی سکیم کا منصوبہ زیر غورہے تاہم آج تک کچھ نہیں ہوا۔انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں پانی کی سپلائی بحال کرنے کیلئے فوری طور اقدامات کئے جائیں۔