سری نگر// سرینگرضلع کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی دہلیز پر انتظامیہ کو لے جانے کے لئے ایل جی انتظامیہ کی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنرسری نگر محمد اعجااز اسد نے بدھ کو سید پورہ، ہاروان میںایک عوامی شکایات کا ازالہ کیمپ منعقد کیا۔ کیمپ کے دوران، ڈی ڈی سیاراکین، پی آر آئی کے نمائندوں، عوامی وفود اور افراد نے ڈی سی کے سامنے مختلف مسائل اور مطالبات پیش کیے جن میں پانی اور بجلی کی فراہمی میں اضافہ، تجاوزات کا خاتمہ، مڈل سکول سید پورہ اور ہیلتھ سنٹر کی اپ گریڈیشن، نکاسی آب کے نظام کی مرمت شامل ہیں۔ڈی سی نے کیمپ کے دوران موجود متعلقہ ضلعی افسران سے موقع پر ہی جواب طلب کیا۔ انہوں نے سید پورہ ہارون اور دیگر ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے پیش کردہ تمام حقیقی مطالبات اور مسائل کو متعلقہ حکام کے ساتھ ترجیحی بنیادوں پر اٹھایا جائے گا۔بعد ازاں ڈی سی نے علاقے میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ملوری نالہ سید پورہ پر 1.49 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے پل پر کام کا معائنہ کرتے ہوئے ڈی سی نے متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ پل کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے کام کی رفتار کو تیز کریں۔ڈی سی نے مڈل سکول سید پورہ اور ہیلتھ سنٹر کا بھی دورہ کیااورریونیو حکام کو ہدایت کی کہ سید پورہ میں گورنمنٹ مڈل سکول اور ہیلتھ سنٹر کے لیے نئی عمارتوں کی تعمیر کے لیے 20 کنال اور 10 کنال اراضی بالترتیب الاٹ کی جائے۔ انہوں نے تحصیلدار کوکھمبر میں سکول کی نئی عمارت کے لیے 10 کنال اراضی کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت کی۔