مہلوکین میں دو اگنی ویر شامل
غلام نبی رینہ
کنگن//لداخ کے سیاچن بیس کیمپ پر منگل کے روز پیش آئے ایک المناک حادثے میں تین فوجی اہلکار ہلاک ہوئے، جن میں دو اگنی ویر بھی شامل ہیں۔ ایک فوجی کیپٹن کو زندہ نکال لیا گیا ، تاہم باقی اہلکار پانچ گھنٹے تک برف کے نیچے دبے رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئے۔ یہ واقعہ دنیا کے بلند ترین میدان جنگ کے طور پر مشہور سیاچن گلیشیر پر پیش آیا۔ برفانی تودہ اچانک اس وقت گرا جب اہلکار معمول کی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں حرکت میں آئیں اور برف کے نیچے دبے فوجیوں کو نکالنے کی کوشش کی۔ ایک کیپٹن کو زندہ بچا لیا گیا لیکن تین فوجی سپاہی موہت کمار، اگنی ویر نیرج کمار چودھری اور گنی ویر ڈابی راکیش کونہیں بچایا جا سکا۔مہلوک فوجی مہار رجمنٹ سے تعلق رکھتے تھے اور ان کا تعلق گجرات، اتر پردیش اور جھارکھنڈ سے تھا۔ ان کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہوئے فائر اینڈ فیوری کور کے جی او سی اور تمام رینکس نے کہا ہے کہ “یہ بہادر جوان ملک کی سرحدوں کے تحفظ کے دوران شہید ہوئے اور ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔سیاچن گلیشیر کو دنیا کا بلند ترین محاذ جنگ کہا جاتا ہے، جہاں فوجی اہلکار تقریباً20,000 فٹ کی بلندی پر تعینات رہتے ہیں۔ درجہ حرارت اکثر منفی 60 ڈگری سیلسیس تک گر جاتا ہے اور برفانی طوفان و تودے معمول کا حصہ ہیں۔