سرینگر//مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے کہا ہے کہ عوام اور سیاسی قیادت کے خلاف بھارت نے اپنے جارحانہ عزائم کے ساتھ سیاسی محاذ کے بجائے فوجی محاذ کو متحرک کردیا ہے ۔مزاحمتی قیادت نے کہا کہ بھارتی حکمران ریاست کے اطراف واکناف اور شہرودیہات میں حریت پسند عوام اور عام سیاسی کارکنوں کو رات کی اندھیروں میں خوف وہراس اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی مذموم کارروائیوں کے لیے اپنے فوج اور ٹاسک فورس کی خدمات حاصل کررہی ہے۔ مزاحمتی قیادت نے عام بستیوں پر شبانہ چھاپے ڈالنے اور تلاشی کی کارروائیوں میں آئے روز بے تحاشا اضافہ کئے جانے کو سیاسی انتقام گیری اور انسانی حقوق کو پامال کئے جانے کی مذموم کارروائیوں سے تعبیر کرتے ہوئے اپنے عوام کے جذبۂ حریت کو بصد احترام خراج تحسین ادا کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ مزاحمتی قیادت نے برزلہ سرینگر کے مدثر احمد وانی اور شانگس اسلام آباد کے نثار احمد بٹ کوجاں بحق کئے جانے کے بعد اُن کے وارثین اور لواحقین کو ابھی تک نعش نہ دینے کی کارروائی پر افسوس کا اظہار کیاہے۔مزاحمتی قیادت نے فوج کی طرف سے جنگجوئوںکے خلاف فوجی کارروائیوں کی آڑ میں عام لوگوں پر نزلہ گرائے جانے کو بزدلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عام شہریوں کی طرف بندوق کے دھانے کھول دینا غیرت اور شرافت کا تقاضا نہیں ہوسکتا۔