سرینگر/بھارتیہ جنتا پارٹی نے منگل کو سرینگر کی پریس کالونی میں ریاست کے اندر سیاسی کارکنوں کی سرکاری سیکورٹی ہٹائے جانے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
بھاجپا سے وابستہ بیسیوں کارکنان ،پارٹی جنرل سیکریٹری اشوک کول کی سربراہی میں پریس کالونی میں نمودار ہوئے اور اُنہوں نے سیاسی کارکنان کی حفاظت کا مطالبہ کیا۔
یہ احتجاجی مظاہرہ بھاجپا کے ضلع اننت ناگ کے صدر، گل محمد میر کی مبینہ طور جنگجوئوں کے ہاتھوں ہلاکت کے پس منظر میں منعقد ہوا۔
اس موقع پر اشوک کول نے اعلان کیا کہ وہ تب تک اپنے لئے کوئی سرکاری سیکورٹی نہیں لیں گے جب تک جملہ سیاسی کارکنان کو سرکاری سیکورٹی فراہم نہ کی جائے۔
اشوک نے کہا کہ اُنہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل، پولیس سیکورٹی ونگ برائے کشمیر کو ایک خط کے ذریعے مطلع کیا ہے کہ وہ اپنی سرکاری سیکورٹی سرنڈر کررہے ہیں اور جب تک سبھی سیاسی کارکنوں کو اس کے ذمرے میں نہیں لایا جاتا وہ کوئی سرکاری سیکورٹی نہیں لیں گے۔
اشوک کول نے مزید کہا کہ انہوں نے ذاتی طور پر ایس ایس پی اننت ناگ اور ایس ایچ او، ویری ناگ سے کہا تھا کہ وہ گل محمد کی سرکاری سیکورٹی نہ ہٹائیں۔