عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//چیف الیکشن آفیسر جموں و کشمیر پانڈورنگ کے پولے نے اتوار کو کہا کہ ای سی آئی نے سرینگر پارلیمانی حلقہ میں لوک سبھا انتخابات سے قبل سیاسی کارکنوں کو مبینہ طور پر دھمکانے کی خبروں کا سخت نوٹس لیا ہے۔سی ای او جے اینڈ کے نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “سوشل میڈیا پر، بعض جماعتوں کے سیاسی کارکنوں کو مبینہ طور پر دھمکیاں دینے اور دفعہ 144 آرڈر کے استعمال کی شکایات سامنے آئی ہیں”۔ ہندوستان کے الیکشن کمیشن نے اس معاملے کا نوٹس لیا ہے۔ سی ای او نے سیاسی رہنمائوں سے ذاتی طور پر بات کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قواعد کے مطابق تمام اضلاع میں دفعہ 144 کے تحت حکم جاری کیا جاتا ہے۔پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے، “جہاں تک ریلیوں اور سیاسی میٹنگوں کی اجازت کا تعلق ہے، ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت پورے عرصے کے دوران، جو انتخابات کے اعلان کے ساتھ شروع ہوتا ہے، متعلقہ حکام کی خصوصی اجازت لازمی ہے۔ یہ اجازتیں بغیر کسی تفریق کے اور آن لائن موڈ میں سنٹرلائزڈ سوودھا پورٹل کے ذریعے جاری کی جا رہی ہیں۔ امیدواروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ مخصوص علاقوں کے سیکورٹی خدشات پر غور کریں۔