شیعہ فیڈریشن
جموں//شیعہ فیڈریشن نے یاتریوں پر حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے حملے انسانیت کے منافی اقدام ہیں ۔یہاں جاری ایک پریس بیان میں فیڈریشن صدر عاشق حسین خان نے کہاکہ اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ طور پر تحقیقات کرائے جانے کی ضرورت ہے اور ایسے لوگوں کے حوصلے پست کئے جانے چاہئیں جو بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ شیعہ فیڈریشن ہر ایسے واقعہ کی کڑی مذمت کرتی ہے اور چاہے یہ واقعات پڑوسی ملک میں ہوں ،ملک میں ہوں یاپھر دنیاکے کسی بھی کونے میں ۔ انہوںنے کہاکہ جو غلط ہے اسے غلط کہناچاہئے اور اننت ناگ میں یاتریوں پر حملہ بھی ایک غیر انسانی فعل ہے جس کے نتیجہ میں سات یاتریوں کی جان چلی گئی جبکہ کئی دیگر زخمی ہوئے ۔ عاشق خان نے کہاکہ حکومت اور پولیس کو اس واقعہ کی غیر جانبدرانہ تحقیقات کرانی چاہئے اور ایسا بھی ہوسکتاہے کہ یہ حکومت کو گرانے کیلئے ہی ایک سازش رچی گئی ہو ۔ ان کاکہناتھاکہ ایسے حملوں کی سبھی کو مذمت کرنی چاہئے کیونکہ ان سے نہ صرف جانیں ضائع ہوتی ہیں بلکہ بھائی چارے کو بھی نقصان پہنچتاہے جوجموں و کشمیر جیسی ریاست کیلئے کسی بھی طور پر سودمند نہیں ہے ۔ عاشق خان نے ریاست کے تمام لوگوںسے اپیل کی کہ وہ اس مرحلے پر بھائی چارے کا دامن تھامے رکھیں اور شر پسند عناصر کی چالوں میں نہ آئیں جن کا مقصد کا ہی امن و بھائی چارے کو نقصان پہنچاناہے ۔ انہوںنے کہاکہ وہ جموں کے ذی شعور افراد سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ امن و بھائی چارے کو قائم و دائم رکھیں جس کی اس وقت اشد ضرورت ہے ۔
پروفیسرامیتابھ مٹو
وزیراعلیٰ کے مشیر پروفیسر امیتابھ مٹو نے امرناتھ یاتریوں پر کل ہوئے حملے کی مذمت کی ہے جس میں سات افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوئے ۔ایک بیان میں مشیر موصوف نے سوگوار کنبوں کے ساتھ اظہار کرتے ہوئے اس کاروائی کو ان عناصر کا کام قرار دیا جو ریاست میں غیر یقینیت کی صورتحال پیدا کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس واقعہ کو انسانیت سوز اور انسانی اقدار کے خلاف کارروائی قرار دیا۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ امن و امان برقرار رکھیں اور ان قوتوں کی طرف کان نہ دھریں جو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔
عمران رضاانصاری
انفارمیشن ٹیکنالوجی او ر کھیل کود کے وزیر مولوی عمران رضا انصاری نے اننت ناگ میں امر ناتھ یاتریوں پر کئے گئے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ اس حملے میں 7 یاتری مارے گئے جبکہ دیگر کئی زخمی ہو گئے ۔ سوگوار کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ یہ حملہ اُن عناصر کی کارستانی ہے جو مختلف طبقوں میں دراڑ پیدا کرنے کے درپے ہیں۔وزیر نے اس حملہ کو انسانیت اور انسانی اقدار کے خلاف جُرم سے تعبیر کیا۔
کوہلی
پشوو بھیڑ پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے بوٹنگو اننت ناگ میں یاتریوں پر ہوئے حملے کی مذمت کی ہے۔وزیر نے کہا کہ کوئی بھی مذہب اس طرح کے واقعات کی اجازت نہیں دیتا جس میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سماج کے مختلف طبقوں کے لوگوں نے اس بیہمانہ حرکت کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر موصوف نے سوگوار کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مارے گئے یاتریوں کی آتما کی شانتی کے لئے دعا کی ۔انہوںنے زخمی یاتریوں کے لئے فور ی صحت یابی کے لئے بھی دعا کی۔
پریاسیٹھی
وزیر مملکت برائے تکنیکی تعلیم ، ثقافت ، باغبانی پریاسیٹھی نے اننت ناگ حملے میں زخمی ہوئے شری امرناتھ جی یاتریوں کی سکمز صورہ جا کر عیادت دی۔وزیر کے ہمراہ ایم ایل سی سریندر امبار دار بھی تھے۔وزیر نے زخمی ہوئے یاتریوںکے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور ان کے تیمارداروں کو یقین دلایا کہ حکومت کی جانب سے انہیں ہر ممکن طبی امداد دستیاب رکھی جائے گی۔امرناتھ یاتریوں پر حملے کو ایک بزدلانہ عمل قرار دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ہم متاثرین کے ساتھ ہیں اور اس وحشیانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔دورے کے دوران ڈائریکٹر سکمز نے وزیر کو زخمی یاتریوں کی حالت کے بارے میں تفصیل دیتے ہوئے انہیں مطلع کیا کہ پشپا عمر 45برس اور للیتا خطرے سے باہر ہے اور ان کا علاج و معالجہ جاری ہے۔انہیں مزید بتایا گیا کہ پشپا جنہیں ریڈ ھ کی ہڈی میں زخم لگا ہے، کی جراحی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ للیتا کا بھی ضلع ہسپتال اننت ناگ میں اوپریشن ہوا ہے اور بعد میں انہیں خصوصی علاج و معالجہ کے لئے سکمز منتقل کیاگیا۔اس موقعہ پر وزیر نے ان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے زخمی یاتریوں کی فوری صحتیابی کے دعا کی ہے۔
بالی بھگت
صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے سکمز صورہ کا دورہ کر کے کل شام اننت ناگ میں دہشت گردانہ حملے میں زخمی ہوئے یاتریوں کی عیادت کی۔ اِس موقعہ پر سکمز کے ڈائریکٹر اے جی آہنگر اور دیگر سینئر ڈاکٹر صاحبان بھی موجود تھے۔ وزیر نے ڈاکٹروں کو تمام زخمی یاتریوں کو خصوصی صحت خدمات فراہم کرنے کی ہدایت دی تاکہ وہ جلد سے جلد صحت یاب ہوسکیں۔ وزیرنے تیمارداروں سے ہمدردی ظاہر کرتے ہوئے زخمیوں کی فوری صحت یابی کیلئے دعا کی۔وزیر نے مقامی رضاکاروں کی طر ف سے زخمیوں کو مدد فراہم کرنے پر اُن کی سراہنا کی۔
ظفرعلی کھٹانہ
جموں//گوجربکروال مشاورتی بورڈ کے وائس چیئرمین چوہدری ظفرعلی کھٹانہ نے ضلع اننت ناگ میں امرناتھ یاتریوں پرہوئے دہشت گردانہ حملے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے۔یہاں جاری پریس بیان میں وائس چیرمین گوجربکروال مشاورتی بورڈ ظفرعلی کھٹانے اننت ناگ میں امر ناتھ یاتریوں پر کئے گئے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ اس حملے میں 7 یاتری مارے گئے جبکہ دیگر کئی زخمی ہو گئے تھے۔جان بحق ہوئے یاتریوں کے کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ظفرعلی کھٹانہ نے کہا کہ یہ بزدلانہ حرکت ایسے عناصر کی ہے جو ریاست میں امن کو درہم برہم کرنے اور باہمی رواداری و بھائی چارے کو زک پہنچانے کے درپے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اس حملے کی مذمت کرنی چاہئیے ۔
سٹیٹ بیکورڈکلاسز
سٹیٹ بیکورڈکلاسزکے کنوینر بنسی لال نے اننت ناگ میں یاتریوں پر ہوئے حملے کی مذمت کی ہے۔بنسی لال نے کہا کہ کوئی بھی مذہب اس طرح کے واقعات کی اجازت نہیں دیتا جس میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سماج کے مختلف طبقوں کے لوگوں نے اس بیہمانہ حرکت کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں بنسی لال نے سوگوار کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مارے گئے یاتریوں کی آتما کی شانتی کے لئے دعا کی ۔انہوںنے زخمی یاتریوں کے لئے فور ی صحت یابی کے لئے بھی دعا کی۔
مسلم فیڈریشن جموں
مسلم فیڈریشن جموں کی یہاںایک میٹنگ فیڈریشن کے صدرعبدالمجید کی صدارت میں منعقد ہوئی۔میٹنگ میں گزشتہ روز امر ناتھ یاتریوں پر کئے گئے حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ اس طرح کا غیر انسانی فعل امن دشمن عناصر کی کار ستانی ہے جو کہ غرملکی آقائو ں کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ یہ عناصرریاست میں امن وامان درہم برہم کرکے فرقہ وارانہ تنائوپیدا کر نا چاہتے ہیں۔مقررین نے یاتریوں کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اس سانحہ کی تحقیقات کرنے اور یاتریوں کی سیکورٹی میں لاپروائی کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کر نے کا مطالبہ کیا۔مسلم فیڈریشن نے اس حملے میں مارے گئے یاتریوں کو ریاستی اور مرکزی سرکاروں کی جانب سے مناسب ایکس گریشاامداد فراہم کرنے اور مرنے والوں کے لواحقین کو سرکاری نوکریاں فراہم کرنے کی مانگ کی۔مقررین نے جموں میں آپسی بھائی چارہ قائم رکھنے کے لئے جموں کے لوگوں کی تعریف کی اور کہا کہ ہم آپسی بھائی چارہ قائم رکھ کر ہی امن اور سماج دشمن عناصر کے مذموم منصوبوں کو ناکام بناسکتے ہیں۔
پنچایت کانفرنس
آل جموں کشمیر پنچایت کانفرنس نے وادی کشمیر میں امر ناتھ یاتریوں پر کئے گئے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور بھارت سرکار سے کہاہے کہ وہ شدت پسندوں کے ساتھ سختی کے ساتھ نمٹے۔اے جے کے پی سی کے صدرانیل شرما نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امر ناتھ جی کے یاتریوں پر حملہ ایک وحشیانہ فعل ہے اس لئے ہر شخص کو اس کی مذمت کر نی چاہئے۔
وکرم سنگھ
پی ڈی پی کے یوتھ لیڈر وکرم سنگھ نے بھی امر ناتھ جی کے یاتریو ن پر کئے گئے حملے کی مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتاہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے ساتھ آہنی ہاتھوں نمٹنے کامطالبہ کیا۔انہو ں نے کہاکہ یاتریوں کی ہلاکت ریاست جموں وکشمیر کے لئے باعث بدنامی ہے۔انہوں نے مارے گئے یاتریوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔