نئی دہلی کے بعد آج سرینگر میں پارٹی لیڈران کی رائے لی جائے گی
سرینگر//کانگریس نے کہا ہے کہ ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال پر وہ بدستور مشاورت کررہی ہے اور فی الوقت حکومت سازی کا کوئی معاملہ زیر غور نہیں ہے۔ نئی دہلی میں سابق وزیر اعظم ہند ڈاکٹر منموہن سنگھ کی رہائش گاہ پر کشمیر سے متعلق کانگریس کے پالیسی ساز گروپ کی میٹنگ منعقد ہوئی،جس میں جموںو کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں کانگریس جنرل سیکریٹری اور امور کشمیر انچارج امبیکا سونی ،سابق وزیر داخلہ پی چدمبرم،سابق صدر ریاست ڈاکٹر کرن سنگھ،سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد اور کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر کے علاوہ دیگر ممبران نے ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ میں یہ فیصلہ لیاگیاکہ جموں وکشمیرکی سیاسی وسلامتی صورتحال نیزریاستی عوام کی منشاء کوملحو ظ نظررکھ کرہی آئندہ کالائحہ عمل طے کیاجائیگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں اس بات کا فیصلہ لیا گیا کہ منگل کو سرینگر میں کانگریس کے اعلیٰ لیڈران اور سابق وزراء کی میٹنگ طلب کی جائے گی۔ نئی دہلی کی میٹنگ میں موجود کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے کہا کہ18ماہ قبل کانگریس کے صدر راہل گاندھی کی ہدایت پر پارٹی نے ریاست کی حساسیت کو دیکھ کر کشمیر سے متعلق ایک پالیسی و منصوبہ ساز گروپ تشکیل دیا تھا،جس نے کئی بار کشمیر اور دیگر خطوں کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پیر کو دہلی میں منعقدہ میٹنگ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے،جس میں ریاست میں مخلوط سرکار کے خاتمے کے بعد پیدہ ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میر نے کہا کہ مذکورہ گروپ لگاتار کشمیر کی سیاسی صورتحال پر نظر بنائے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں فیصلہ ہوا کہ مذکورہ گروپ لہہ اور کرگل کے لوگوں سے ملاقی ہو،اور لوگوں کی رائے جان کر مرکزی ہائی کمان کو رپورٹ پیش کی جائے۔ غلام احمد میر نے کہا کہ سرینگر میں کانگریس ہیڈ کوارٹر مولانا آزاد روڑ میں منگل کو میٹنگ ہوگی،جس میں تمام لیڈران اور سابق و موجودہ ممبران اسمبلی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا’’مخلوط سرکار نے ریاست کو درہم برہم کیا،اور پھر اپنی موت مر گئی،جس کے تناظر میں تمام لیڈرشپ،جس میں مرکزی لیڈرشپ بھی ہوگی، اور لوگوں کے مزاج اور زمینی صورتحال پر دن بھر تبادلہ خیال کیا جائے گا‘‘۔انہوں نے واضح کیا کہ پی ڈی پی کے ساتھ حکومت سازی کا کوئی بھی معاملہ زیر غور نہیں۔میر نے کہا’’ایسا کچھ نہیںہوسکتا ہے کچھ ایسی پارٹیاں یہ خبریں پھیلا رہی ہیں ،جن کو اپنے ممبر ان کے بھاگ جانے کا خطرہ ہے۔ پارٹی کی انچارج برائے امورجموں وکشمیرامبیکاسونی نے نئی دہلی میں نامہ نگاروں کوبتایاکہ میٹنگ میں کئی معاملات زیرغورلائے گئے جن میں جموں وکشمیرکی صورتحال بھی شامل ہے۔امبیکاسونی کاکہناتھا’3جولائی کوسری نگر میں منعقدہونے والی میٹنگ میں آئندہ کی حکمت عملی اورلائحہ عمل زیرغورلایاجائیگا‘۔ جنرل سیکرٹری نے نامہ نگاروں کوبتایاکہ منگل کے روز ہونے والی میٹنگ میں سبھی معاملات اورپہلوزیرغورلائے جائیں گے ۔انہوں نے کانگریس کے پی ڈی پی کونئی سرکاربنانے کیلئے حمایت دئیے جانے کی تصدیق یاتردیدکئے بغیرکہاکہ ہم سری نگرمیں پارٹی کے ریاستی لیڈروں اورذمہ داروں کیساتھ صلاح مشورہ کررہے ہیں۔ امبیکاسونی نے تاہم واضح کیاکہ پارٹی کاابھی تک وہی موقف ہے کہ ریاستی اسمبلی کوتحلیل کیاجائے ۔