پولیس اور سیول انتظامیہ افسران سے خصوصی تبادلہ خیال
یو این آئی
سرینگر//الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے سرینگر میں پولیس اور سیول انتظامیہ سے وابستہ سینئر افسران کے ساتھ میٹنگ کی جس دوران جموں وکشمیر کی سیکورٹی صورتحال اور لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے کی جارہی تیاریوں کے بارے میں چیف الیکشن کمیشن کو جانکاری فراہم کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف الیکشن کمیشن آف انڈیا راجیو کماراور پولنگ پینل کے دوسرے عہدیداروں کے ساتھ اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں اے ڈی جی پی لا اینڈ آر ڈر وجے کمار ، آئی جی کشمیر ودھی کمار بردی ، صوبائی کمشنر کشمیر کے علاوہ دیگر سینئر عہدیدار نے شرکت کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ کے دوران الیکشن کمیشن آف انڈیا کے عہدیداروں کو پارلیمانی انتخابات کے حوالے سے کی جارہی تیاریوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔ پولیس کے سینئرافسران نے الیکشن کمیشن کے ارکان کو بتایا کہ جموں وکشمیر میں سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ اضافی دستوں کی بھی تعیناتی عمل میں لائی جارہی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ الیکشن کمیشن کے وفد کو ای وی ایم مشینوں کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔ان کے مطابق میٹنگ کے دوران جموں وکشمیر کی مجموعی سیکورٹی صورتحال پر بھی سینئر آفیسران کے ساتھ تبادلہ خیال ہوا۔
سیاسی جماعتوں کیساتھ ملاقات
الیکشن کمیشن نے منگل کے روز یہاںایس کے آئی سی سی میں لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے جموں وکشمیر کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملاقاتوں کا آغاز کیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار اور پولنگ پینل کے دوسرے عہدیداوں نے نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی، بی جے پی، سی پی آئی (ایم) اور عام آدمی پارٹی کے وفود کے ساتھ گفت و شنید کی۔ موصوف چیف الیکشن کمشنر لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے جموں وکشمیر کے تین روزہ دورے کے لئے پیر کے روز سری نگر پہنچے۔نیشنل کانفرنس کے لیڈر ناصر اسلم وانی، جنہوں نے پارٹی وفد کی قیادت کی، نے الیکشن کمشنر سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کہا: ‘ہم نے الیکشن کمشنر سے گذارش کی کہ یہاں لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ساتھ اسمبلی انتخابات کا انعقاد بھی عمل میں لایا جانا چاہئے’۔انہوں نے کہا: ‘ہم نے ان کے سامنے یہ بات رکھی کہ گذشتہ دس برسوں سے یہاں لوگوں کو اپنی سرکار چننے کا موقع نہیں مل رہا ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ہم نے یہ بھی کہا کہ جموں وکشمیر میں ایک ہی سال دو انتخابات منعقد کرنے سے یہاں کا سیاحتی شعبہ متاثر ہو سکتا ہے’۔ناصر اسلم نے کہا: ‘ہماری باتوں کو غور اور سنجیدگی سے سنا گیا’۔پی ڈی پی لیڈر غلام نبی ہانجورہ نے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا: ‘ہم نے جموں وکشمیر میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات ایک ساتھ منعقد کرانے کی بات کی’۔انہوں نے کہا: ‘یہاں لگ بھگ 70 ہزار سروس ووٹرس ہیں ہم نے ان کے متعلق بات کی اور ہمیں یقینی دہانی کی گئی کہ اس کو دیکھا جائے گا اور کس اسمبلی نشست میں کتنے ایسے ووٹرس ہیں اس کو منظر عام پر لایا جائے گا’۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان آر ایس پٹھانیہ نے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بھاجپا جمہوریت کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے بھی چناو کرانے کے بارے میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کے سینئر عہدیداروں کو آگاہ کیا۔ان کے مطابق اگر الیکشن کمیشن ا?ف انڈیا پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات ایک ساتھ کرانے کا فیصلہ لیتا ہے تو بی جے پی اس کے لئے بھی پوری طرح سے تیار ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ پولنگ پینل ضلعی الیکشن افسروں اور پولیس سپرنٹنڈٹس کے ساتھ انتخابی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ پینل شام کو چیف الیکٹورل افیسر جموں و کشمیر پی کے پولے اورسٹیٹ پولیس کے نوڈل افسروں کے ساتھ بات چیت کرے گا۔