عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//سیاسی، سماجی شخصیات اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے مسلسل تیسرے دن بھی کلو اور میر خانوادوں کے ساتھ نسیمہ اختر کے طویل علالت کے بعد جمعہ کی شام سکمز صورہ میں انتقال پر تعزیت کا سلسلہ جاری رکھا۔مرحومہ ایڈیٹر دی مرر آف کشمیر غلام حسن کالو، محکمہ انیمل ہسبنڈری کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر فاروق احمد کالو، ایڈیٹرکشمیرعظمیٰ و گریٹر کشمیرفیاض احمد کلوکی ہمشیرہ اورایڈیٹر کشمیر کینوس میر اعجاز احمد کی والدہ تھیں۔
میرواعظ عمر فاروق
میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے نسیمہ اختر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سوگوار کلو اور میر خاندان سے دلی تعزیت اور گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے میر واعظ نے مرحومہ کے لیے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام، ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی ہے ۔انہوںنے مرحومہ کی جنت نشینی اور پسماندگان اور دیگر لواحقین کے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔
پی ڈی پی
پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک وفد نے اس کے نائب صدر سرتاج مدنی کی قیادت میں کلو خاندان سے تعزیت پرسی کیلئے حیدر پورہ کا دورہ کیا۔ ان کے ساتھ پی ڈی پی پارلیمانی بورڈ کے چیئرمین عبدالرحمان ویری، جنرل سکریٹری محمد خورشید عالم، سینئر لیڈر اور سابق وزیر سید بشارت بخاری، سابق رکن اسمبلی پیر منصور، عارف لائیگرو ضلع کوارڈی نیٹر ڈاکٹر علی، محمد شفیع کندنگر، محمد اشرف اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے غلام حسن کلو اور فیاض احمد کلو سے تعزیت کی۔پی ڈی پی قائدین نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحومہ کی روح کو ابدی سکون کیلئے دعا کی۔ وفد نے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور دکھ کی اس گھڑی میں کلو خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
اپنی پارٹی
جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے رہنما یاوردلاور میر اور ڈاکٹر ہربخش سنگھ نے بھی سوگوار خاندان سے ملاقات کی تعزیت و تسلیت پیش کی۔
مسرور عباس انصاری
ممتاز شیعہ عالم مسرور عباس انصاری نے بھی سوگوار خاندان سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔
کے سی سی آئی
کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر جاوید ٹینگا نے بھی سوگوار خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کے لیے ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت کی دعا کی۔
معروف معالجین
سابق ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر شوکت زرگر، معروف یورولوجسٹ ڈاکٹر سلیم وانی، ممتاز ریڈیولوجسٹ سجاد پیرزادہ کے علاوہ ڈاکٹر نذیر خان نے بھی سوگوار خاندان کے گھر جاکر پسماندگان کی ڈھارس بندھائی اور مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی۔
احد زرگر میموریل ریسرچ فاؤنڈیشن
احد زرگر میموریل ریسرچ فاؤنڈیشن کے سرپرست خورشید احمد زرگر نے بھی مرحومہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور کلو اور میر خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ زرگر نے ایک تعزیتی اجلاس کی صدارت کی اور مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب اور سوگوار خاندانوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت کے لیے دعا کی۔
رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی
جموں کشمیررورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے چیئرمین وسابق سپیکرجموں کشمیراسمبلی مبارک گل اوررورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے چیئرمین شمالی کشمیر خواجہ محمد شفیع اور چیف آرگنائزر شمالی کشمیر و ضلع چیئرمین بارہمولہ عبدالمجید آخون نے بھی کلواورمیرخانوادوں کیساتھ تعزیت کااظہار کیا اورمرحومہ کے روح کے ابدی سکون کی دعاکی۔
مدیر اعلیٰ کے این او
دریں اثناء چیف ایڈیٹر کے این او،کشمیر تھنڈر نے بھی فیاض احمد کلو سے ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ خان نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کی روح کے لیے ابدی سکون کیلئے دعا کرنے کے علاوہ خاندان کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی بھی دعاکی۔علاوہ ازیں مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں کی جانب سے مرحومہ کے انتقال پر بڑے پیمانے پر تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے ۔
فاتحہ خوانی آج
اس دوران مرحومہ کی فاتحہ خوانی آج یعنی 12اگست بروز منگل صبح 10:30بجے سوگوار خاندان کے آبائی قبرستان نزد یک جامع مسجد حیدر پورہ میں ہو گی جس کے بعد ان کی رہائش گاہ زبرون کالونی حیدر پورہ سرینگرمیں دعائیہ مجلس منعقد ہوگی۔