نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے آج بھارت چھوڑو تحریک کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر عوامی نمائندوں سے پارٹی خطوط کی سیاست سے اوپر اٹھ کر بابائے قوم مہاتما گاندھی کے خوابوں کے ہندوستان کی تعمیر کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے غربت، ناخواندگی، غذائی قلت اور بدعنوانی کو ختم کرنے کے لئے 'ہمیں 1942 کی تحریک کے دوران اختیار کی گئی قوت ارادی کو ازسرنو زندہ کرنا ہوگا۔' مسٹر مودی نے لوک سبھا میں اگست کرانتی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے خصوصی خطاب میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا " قومی پالیسی سیاست سے بالاتر ہوتی ہے ۔ لہذا، اگر ہم سب مل کر عہد کریں تو تمام چیلنجوں کا حل نکال سکتے ہیں۔ اس مہم میں ہم تنہا نہیں ہیں۔ سوا سو کروڑ ہندوستانیوں کا اعتماد ہمارے ساتھ ہے ۔"وزیر اعظم نے کہا کہ ضرورت صرف قوت ارادی اورعزم مصمم کرنے کا ہے ۔ آج عالمی حالات اور مواقع ہندوستان کی حمایت میں ہیں۔ پوری دنیا ہندوستان کی جانب بڑی امید سے دیکھ رہی ہے ۔ ایسے میں ہمیں اس موقع کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے دنیا کو قیادت فراہم کرنے کا کردار ادا کرنا ہے اور ایک ایسے ملک کی تعمیر کرنی ہے جو ترقی پذیر اور خوشحال ہونے کے ساتھ ہی سب کے مفاد ا ت اور سب کو یکساں مواقع فراہم کرنے کاہو۔مسٹر مودی نے اس موقع پر آزادی کی تحریک کے شہدائکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بال گنگا دھر تلک نے نعرہ دیا تھا کہ "سوراج میرا پیدائش حق ہے اور میں اسے لے کر رہوں گا۔" انہوں نے کہا "آج ہمیں یہ نعرہ دینا ہے کہ ہم سب مل کر ملک سے بدعنوانی دور کریں گے اور کر کے رہیں گے ، غریبوں کو ان کا حق دلائیں گے اور دے کر رہیں گے ، غذائی قلت کا مسئلہ ختم کریں گے اور کر کے رہیں گے ، خواتین کی بیڑیاں تو ڑ دیں گے اور توڑ کر رہیں گے ، ناخواندگی ختم کریں گے اور کر کے رہیں گے ۔ "وزیراعظم نے کہا کہ بھارت چھوڑو تحریک کے دوران معاشرے کے ہر طبقے نے بڑھ چڑھ کر بے لوث انداز سے حصہ لیا۔ ان کاعزم اور ا ن کی قوت ارادی نے تحریک کو اتنی شدت دی کہ انگریزی حکومت کو ہندوستان چھوڑ کر جانا پڑا۔ یہ عوام اور ان کی قیادت کر رہے عظیم لیڈران کے ذمہ داری کا احساس تھا جس نے انہیں اپنے ملک کے لئے نچھاور ہونے کا حوصلہ بخشا اور طاقت دی۔مسٹر مودی نے کہا کہ آج اس ذمہ داری کا فقدان نظر آتا ہے ۔ لوگ اپنے حقوق کے تئیں جتنے مستعد ہیں، اتنے فرائض کے تئیں نہیں۔