عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//محکمہ ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم کشمیر نے وادی ٔکشمیر میں آنے والے موسم بہار اور سالانہ ٹیولپ فیسٹول کے لئے کشمیر کا دورہ کرنے والے سیاحوں پر زور دیا ہے کہ اگر وہ کشمیر دستکاری کے نام پر کاروباری اِداروں یا تاجروں کی طرف سے جعلی مشین سے بنی اشیأ فروخت کرتے ہیں تو وہ محکمہ سے رابطہ کریں۔ایک سرکاری ترجمان نے کہا کہ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم کشمیر نے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں سیاحوں اور خریداروں سے کہا گیا ہے کہ اگر انہیں کسی کاروباری ادارے یا تاجر کے ذریعہ کشمیر دستکاری کے نام پر جعلی اشیأ خریدنے کا شبہ ہو تو وہ فوری طور پر محکمہ سے رابطہ کریں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ سیاح اور خریدار محکمہ کے سرکاری ای میل آئی ڈی [email protected] پر اَپنی شکایات درج کرسکتے ہیں یا ٹیلی فون نمبر 0194-2472065 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ کشمیر ہینڈی کرافٹس میں کام کرنے والے تمام کاروباری اداروں اور تاجروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اصلی ہاتھ سے بنی مصنوعات کے نام پر سیاحوں اور خریداروں کو مشین سے بنی یا جعلی دستکاری کی اشیاءفروخت کرنے سے گریز کریں اور ایسا نہ کرنے پر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔