سری نگر/گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے سنیچر کو رائفٹنگ کے دوران پہلگام میں خطرے میں پھنسے سیاحوں کی جان بچانے اور اپنی جان کی قربانی دینے کے لئے ٹورسٹ گائیڈ رئوف احمد ڈار کو خراج پیش کیا ہے۔
ایک بیان میں خورشید احمد گنائی ،جن کے پاس محکمہ سیاحت کا چارج بھی ہے ، نے کہا کہ رئوف احمد ڈار کی قربانی اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کشمیری لوگ اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر سیاحوں کا خاص خیال رکھتے ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ رئوف احمد ڈار نے اپنی جان کی بازی لگا کر پانچ سیاحوں کو بچایااور یہ قربانی کی ایک اعلیٰ مثال ہے۔
مشیر موصوف نے سی ای او پہلگام ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت دی ہے کہ وہ خراب موسمی حالات کے دوران رائفٹنگ کی اجازت دینے میں انتہائی احتیاط برتیں۔
خورشید احمد گنائی نے کہاکہ مرحوم رئوف احمد ڈار کو بعد از مرگ اعزاز سے نوازا جائے گا اور اس کے کنبے کو مالی مدد دی جائے گی۔
خورشید احمد گنائی نے مرحوم کے سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
دریں اثنا ڈپٹی کمشنر اننت ناگ خالد جہانگیر نے مرحوم رئوف احمد ڈار کے لواحقین کے حق میں 4لاکھ روپے کا ایکس گریشیا ریلیف فراہم کیا ہے۔