عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے پہلگام میں حالیہ حملے کے بعد وادی میں سیاحوں کی آمد میں غیر معمولی کمی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاحت کی صنعت سے وابستہ چھوٹے کاروباروں کے مالکان ایک سنگین صورتحال سے دوچار ہوگئے ہیں اور وہ اپنے بینک قرضوں کی قسطیں ادا کرنے سے بھی قاصر ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بینکوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں متاثرین کو کچھ حد تک راحت فراہم کرانے کیلئے کوئی راستہ نکالیں۔بخاری نے اپنے ایکس ہینڈل پر لکھا، ’’پہلگام میں دہشت گردی کے المناک حملے کے بعد سیاحوں کی آمد میں اچانک اور تیزی سے کمی کی وجہ سے ٹیکسی مالکان اور سیاحت کی صنعت سے وابستہ کچھ دیگر اسٹیک ہولڈرز کو سنگین صورتحال کا سامنا ہے۔ان میں سے کئی لوگوں، جو چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے کے لیے بینکوں سے قرض لے چکے ہیں، کے خواب چکنا چور ہو گئے ہیں۔ وہ اب بینکوں کی قسطوں کی ادائیگی کرنے سے بھی قاصر ہیں۔‘‘انہوں نے مزید کہا، ’’میں بینکوں کے حکام سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس مشکل وقت میں متاثرین کو کچھ ریلیف فراہم کرنے کے ممکنہ طریقے تلاش کریں۔ انہیں ان مشکل حالات میں مدد کی اشد ضرورت ہے۔‘‘