عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں سیاحوں نے دوبارہ آنا شروع کردیا ہے۔کلکتہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمر نے کہا کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ 22اپریل کو پہلگام میں ملی ٹینٹ حملوںکے بعد، جس میں 26سیاحوں کی جان لی گئی تھی، کشمیر میں سیاحوں کی آمد بند ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی اچھی خاصی تعداد دوبارہ آنا شروع ہوگئی ہے اور اسکے ساتھ ساتھ امر ناتھ یاترا بھی شروع ہوگئی ہے۔انکا کہنا تھا کہ اچھی تعداد میں یاتری یا پہلگام یا بال تل سو نہ مرگ راستے سے درشن کرنے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک ان کی جتنے یاتریوں کیساتھ ملاقات ہوئی ہے وہ سب صورتحال سے مطمئن اور خوش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کلکتہ ٹورسٹ میلے میں شرکت کی غرض سے آئے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ اس سال مغربی بنگال کے سیاح جموں و کشمیر کی طرف زیادہ تعداد میں آئیں۔