سرینگر//وادی میں سیاحوں پر مبینہ سنگ بازی کی خبر کے بیچ کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز کی میٹنگ صدر جاوید احمد ٹینگہ کی صدارت میں منعقد ہوئی،جس کے دوران اس خبر کی وجہ سے پیش آئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بیان کے مطابق یکم اپریل کو ایک بیرون ریاست اخبار میں’’سیاحوں پر سنگبازی سے متعلق غلط رپورٹنگ‘‘ سے زندگی کے مختلف شعبہ جات پر پڑے اثرات پر مفصل تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں اس خبر کا حوالہ دینے والے ذرائع کی طرف سے اخبار کے نامہ نگار کے دعویٰ کو مسترد کر کے اسے ذہنی اختراع قرار دینے کی بھی سراہنا کی گئی،جبکہ سرکاری ایجنسیوں صوبائی انتظامیہ اور پولیس نے پہلے ہی اس خبر کو مسترد کیا تھا۔کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز کی میٹنگ میں موجود افراد نے تاہم اس خبر کی وجہ سے پڑے اثرات پر خدشات کا اظہار کیا،کہ نامہ نگار کی طرف سے’’غیر مصدقہ،غیر ذمہ دارانہ اور سرے سے غلط رپورٹنگ‘‘ سے ملک اور ہیاں سماجی زندگی اور امن پر منفی اثرات پڑ سکتے ہیں۔میٹنگ میں اس بات پر اتفاق رائے پیدا ہوا کہ کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز ایسے اقدامات کرے گی،جس کی وجہ سے سرکار مذکورہ رپورٹر کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائے گی،تاکہ نامہ نگار مستقبل میں اس طرح کی غلط رپورٹنگ سے اجتناب کریں۔کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز کے صدر جاوید احمد ٹینگہ نے سرکار سے اپیل کی کہ مذکورہ نامہ نگار کے خلاف کاروائی عمل میں لائے،جس نے غلط رپورٹنگ کر کے حال ہی میں ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی،اور حیران کن طور پر اب بھی اس کام میں مصروف ہے،جو کہ وادی کے پرامن ماحول کیلئے ٹھیک نہیں ہے۔