عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//مرکزی وزیر برائے سیاحت گجیندر سنگھ شیخاوت نے پیر کو کہا کہ پہلگام میں حالیہ دہشت گردی کے واقعہ کے بعد کشمیر میں سیاحت کے احیاء کے واضح آثار دکھائی دے رہے ہیں، جس کا سہرا جموں و کشمیر انتظامیہ اور مرکزی حکومت کی عوام کا اعتماد بڑھانے کی مربوط کوششوں کو دیا گیا ہے۔ سرینگر میں ٹورازم کنکلیو کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے سیاحت گنجندر سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت کی طرف سے نئی کوششیں اور مرکز کی طرف سے مربوط تعاون مسافروں اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان اعتماد بحال کرنے میں مدد کر رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ پہلگام واقع کے بعد، سیاحت سست پڑ گئی تھی، لیکن اب یہ دوبارہ بحال ہو رہی ہے۔ مرکزی حکومت کے وفود اور وزارتی دوروں کیساتھ یوٹی انتظامیہ نے جس طرح قیادت کی ہے، وہ ایک مضبوط اعتماد سازی کی مشق کا حصہ ہے ،یہ بلاشبہ پھل لائے گا اور کشمیر کی سیاحت کو اس کی سابقہ رفتار پر لے آئے گا۔جون میں اپنے پہلے کے دورے کو یاد کرتے ہوئے، مرکزی وزیر نے کہا کہ انہوں نے پورے کشمیر میں ایک واضح پیغام دیا تھا کہ خطہ محفوظ ہے اور حالیہ واقعہ سے لوگوں کو پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔ انہوں نے کہا’’ہم سب کو آگے بڑھنا چاہیے اور کشمیر کے سیاحتی شعبے کو بحال کرنا چاہئے، جو پچھلے تین سالوں سے مسلسل ترقی کر رہا ہے‘‘۔مرکزی وزیر برائے سیاحت نے مزید کہا کہ کنکلیو کا انعقاد دو بڑے مقاصد کے ساتھ ملک بھر سے سیاحت کے سیکرٹریوں کو کشمیر لانے کے لیے کیا گیا تھا۔ پہلا، ان عہدیداروں کو ان کی متعلقہ ریاستوں میں حفاظت اور بحالی کا پیغام واپس لے جانے کے قابل بنانا، گھریلو سیاحت کو فروغ دینے میں مدد کرنا؛ اور دوسرا، عالمی سطح پر ہندوستان بھر میں کم از کم 50 مشہور مقامات کی ترقی کے وزیر اعظم کے و ژن کی سمت کام کرنا۔