غلام نبی رینہ
کنگن// پہلگام حملے کے بعد جہاں وادی میںسیاحتی شعبے کو دھچکا لگا اور اس شعبے سے وابستہ ہزاروںلوگوں کا روزگار معطل ہوگیا وہیں گذشتہ تین روز سے وادی کشمیر کے سیاحتی مقامات پرسیاحوں کی آمد دیکھنے کو مل رہی ہے۔پہلگام ،گلمرگ کے ساتھ ساتھ سونہ مرگ اور جھیل ڈل میں سیاحوں کو دیکھا جارہا ہے جو یہاں کے قدرتی حسن سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔سونہ مرگ کے ایک مرکبان عبدالحمید گنائی نے بتایا کہ گذشتہ تین روز سے سونمرگ میں معمول کے مطابق سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور امید کی جارہی ہے کہ اب آہستہ آہستہ اس میں اضافہ ہوگا ۔انہوں نے بتایا کہ ان کا روزگار سیاحت شعبے سے جڑا ہوا ہے ۔وادی کے معروف ہوٹلیر اوراور جموں و کشمیر ہوٹلرس کلب کے چیرمین مشتاق احمد چایہ نے بتایا کہ پہلگام حملے کے بعد وادی کشمیر میں سیاحت شعبے کو دھچکا لگا ہے اور اس شعبے سے وابستہ لوگوں کا روزگار معطل ہوچکا ہے ۔ چایہ نے بتایا کہ ہوٹلرس کلب کا ایک وفد سیاحت شعبے کو بحال کرنے کے لئے جلد ہی وزیراعظم ، لیفٹنٹ گورنر اور وزیر اعلی سے ملاقی ہونگے۔