جموں//تعلیم و تکنیکی تعلیم کی وزیر مملکت پریاسیٹھی نے کہا ہے کہ سیاحتی صنعت کو دوام بخشنے کےلئے کار خانہ داری اور ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کی ضرور ت ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوفہ نے جموں یونیورسٹی میں سسٹنیبل ڈسٹنیشن ایکسلنس سے متعلق پانچویں بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح کرنے کے بعد کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے کانفرنسوں اور سمیناروں کے انعقاد سے متعلقین بشمول تدریسی تحقیق دانوں اور صنعتوں کے پیشہ وروں کے ایک دوسرے کے ساتھ باہمی استفسار کرنے کا بہترین موقعہ فراہم ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس سیاحتی شعبے کو دیرپا بنیادوں پر ترقی دینے میں بھی مدد گار ثابت ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ اس کی بدولت چھوٹے درجے کے کار خانہ داروں کی حوصلہ افزائی کرنے میں بھی مدد ملتی ہے ۔موصوفہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کار خانہ داری کو فروغ دینے کے لئے سٹارٹ اَپ انڈیا اور سٹینڈ اَپ انڈیا جیسی سکیمیں شروع کی ہیں۔سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ ، وائس چانسلر جموں یونیورسٹی آر ڈی شرما کے علاوہ کئی دیگر اہم شخصیات بھی اس موقعہ پر موجود تھیں۔