سرینگر//وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے آج سیاحتی منازل کی جانب بڑے پیمانے پر سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے ان مقاما ت پر مہم جو ،ٹریکنگ اور کیمپنگ کے لئے دلچسپی کے مزید مقامات شامل کرنے کی ہدایت دی۔سونمرگ اور دوددھ پتھری اتھارٹیز کی میٹنگوں کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ان مقامات پر سیاحوں کی دلچسپی کے مقامات کا دائرہ وسیع کرنے اور قدرتی حسن کے علاوہ سیاحوں کو دیگر سیاحتی سرگرمیوں بشمول رافٹنگ ، ٹریکنگ ، سکینگ ، فشنگ وغیرہ کی سہولیات دستیاب رکھنے کے لئے کہا۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ کیمپنگ ، سکینگ اور ٹریکنگ جیسی سرگرمیوں کے لئے ان مقامات میں کافی صلاحیت موجود ہے جن کو مکمل طوربروئے کار لانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس طرح یہ دو سیاحتی منازل سال بھر سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنےں رہیں گے۔وزیر اعلیٰ نے سونمرگ بائی پاس کی جلد از جلد تکمیل یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی ۔انہوں نے اس سلسلے میں معاملات وزارت دفاع کے ساتھ طے کرنے کے لئے کہا اور سونمرگ اور اس کے گرد و نواح میں سیاحوں کی سہولیت کیلئے موبائیل کنیکٹیوٹی کو مستحکم بنانے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے سونمرگ میں زیر زمین بجلی کی ترسیلی لائینیں بچھانے کے کام کا بھی جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ یہ کام اگلے برس تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔محبوبہ مفتی نے تھجہ واس تک علاحدہ پونی ٹریک کے استعما ل کی ہدایت کو سختی سے لاگو کرنے کے لئے کہا۔ انہوں نے سونمرگ اور اس کے گرد ونواح میں پالتھین کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے اورنیل گراٹھ اور لش پتھری دیہات کو ایس ڈی اے کے دائرے اختیار میں لانے اور انہیں گرین ائیریا قراردینے کی ہدایت دی۔وزیر اعلیٰ نے سونمرگ اور اس کے گرد و نواح میں ٹینٹنگ او ررافٹنگ سہولیات کے بارے میں بھی تفصیلات طلب کیں اور ان سہولیات کی فراہمی میںمزید بہتری لانے کے لئے کہا۔انہیں بتایا گیا کہ سیاحتی منزل پر 18ہول گالف کورس بنانے کے لئے ٹینڈر جاری کیا گیا ہے۔محبوبہ مفتی نے دود پتھری ماسٹر پلان کو حتمی شکل دینے کی ہدایت دی تاکہ دیگر سہولیات کا قیام عمل میں لایا جاسکے ۔انہوں نے دودھ پتھری سے ٹنگمرگ تک براہ راست توسہ میدان ٹریک کے قیام کے لئے بھی کہاتاکہ اس پورے علاقے کو فروغ حاصل ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ ان تمام سیاحتی دلچسپیوں کو منسلک کر کے انہیں ایک مربوط ٹریکنگ رِنگ کی شکل دی جاسکتی ہے۔وزیر اعلیٰ نے دودھ پتھری میں سیاحوں کی دلچسپی کے لئے کیمپنگ سہولیات، مہم جو ٹریک اور دیگر سیاحتی سرگرمیوں کی توسیع پر زور دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح یہاں کی سیاحت پر راغب ہوسکےں۔ انہوں نے ان سرگرمیوں میں مقامی نوجوانوں کو شامل کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ اس سے مقامی معیشت کو فائدہ حاصل ہوسکے۔محبوبہ مفتی کو بتایاگیا کہ 1.20کلومیٹر چیئر لفٹ اور گالف کورس کے لئے مفصل پروجیکٹ رپورٹ تیار کرکے پی ایم ڈی پی کے تحت متعلقہ حکام کو منظور ی کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔محبوبہ مفتی نے محکمہ سیاحت کو سونمرگ اور دودھ پتھری سیاحتی منازل کے لئے ایک جامع تشہیری مہم چلانے کی ہدایت دی۔انہوں نے ان سیاحتی منازل کے منفرد اور دلکش مقامات کو بہتر پیرائے میں پیش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان منازل میں سیاحوں کی دلچسپی کے لئے متنوع سرگرمیوںکی صلاحیت موجود ہے تاہم انہیں مناسب طور مشتہر کرنے کی ضرورت ہے ۔قانون ساز میاں الطاف احمد، حکیم محمد یاسین اور سیف الدین بٹ، کمشنر سیکرٹری خزانہ ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری ،سیکرٹری محکمہ سیاحت، سیکرٹری محکمہ منصوبہ مندی ،ناظم سیاحت کشمیر اور مختلف محکموں کے سربراہاں ، سونمرگ اور دودھ پتھری ڈیولپمنٹ اتھاڑٹیوں کے سی ای اوز اور دیگر متعلقہ افسران میٹنگ میں موجود تھے۔