سرینگر//کشمیر اکنامک فورم کے چیئرمین نے گزشتہ روز ایک سیاح کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام مہمان نوازی کیلئے پوری دنیا میں مشہور ہے،تاہم ایسے واقعات سے وادی کی شبیہ نہ صرف متاثر ہو رہی ہے،بلکہ یہاں کی معیشت بالخصوص سیاحتی صنعت پر منفی اثرات مرتب ہونے کا احتمال ہے۔
سیاح کی ہلاکت افسوسناک:فریڈم پارٹی/کاروان اسلامی
سرینگر// ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے تامل ناڑوکے ایک جواں سال سیاح کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی نے ہلاکت کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف اگر چہ پوری کشمیری قوم اپنے لخت جگروں کی ہلاکت پر ماتم زدہ ہے لیکن تامل ناڑو کے سیاح کی ہلاکت پر بھی رنج ہے۔ سیاحوں کو نشانہ بنانے کا مقصد ہماری جد و جہد آزادی کو بدنام کرنا ہے۔ ماضی میں بھی تحریک دشمن عناصر نے اپنی مکروہ کوششوں کے ذریعے جد و جہد کو نقصان پہنچانے کی سعی کی لیکن اُن کی ہر کوشش ناکام ہوگئی۔ ہمیں اُمید ہے کہ آج بھی ان عناصر کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ امیر کاروان اسلامی مولانا غلام رسول حامی نے کہا کہ یہاں کے نوجوانوں کو کشمیریت زندہ رکھنی ہوگی اور ایسے واقعات سے خود کو اور دوسروں کو دور رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کٹھوعہ رسانہ گائوں میں پیش آئے عصمت ریزی اور قتل معاملے پر جس طرح سے سپریم کوٹ نے اپنا فیصلہ سنایا ہے اس سے ان ہندو انتہا پسند جماعتوں کی حوصلہ شکنی ہوئی ہوگی جو اس کو مذہب اور صوبے کی سیاست میں تبدیل کرنا چاہتے تھے۔