ٹی ای این
سرینگر// سیاحتی سیزن کا آغاز ہوتے ہی جموں وکشمیر کے ہوائی کرایوں میں گذشتہ دو ہفتوں سے مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔فروری کے آخری ہفتے سے اب تک ہوائی کرایوں میں تقریبا 30سے 40فیصد اضافہ ریکارڑ کیا جارہا ہے جس سے یہاں کے عام لوگوں سمیت سیاحتی سیکٹر سے وابستہ طبقوں کو شدید پریشانیوں نے آگھیرا ہے ۔سیاحتی طبقوں کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر خصوصا وادی کے خوشگوار موسم، امن وامان اور بہتر ماحول اس بار سوفیصد بکنگ پر سیاح وارد ہوتے لیکن اگر ہوائی کرایوں میں یونہی بے تحاشا اضافہ ہوتا رہا تو اس کے دوررس منفی نتائج بھی سامنے آسکتے ہیں ۔ معروف ٹریول ایجنسی ’ٹریو کیش سرینگر‘ کے مالک فاروق احمد کٹھو نے کہاکہ چند ہفتوں سے ہوائی کرایوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ابھی تک یہاں پر بکنگ کے ساتھ کوئی چھیڑ خوانی تو نہیں ہوئی لیکن اگر فضائی شرح کرایہ یونہی بے لگام ہوتے رہے تو اس کے دوررس اور منفی نتائج سامنے آسکتے ہیں ۔فاروق احمد جو ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف کشمیر کے سابق صدر ہیں ،نے بتایا کہ ماضی میں بھی ایسا دیکھا گیا ۔جونہی سیاحتی سیزن کا آغاز ہوتا ہے اور ہم لوگ اچھے فٹ فال کی امید کرنے لگتے ہیں ،ہوائی کرایے ہماری امیدوں پر پانی پھیر دیتے ہیں ۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ اس بار پیشگی اقدامات کریں ۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر کا سفر کرنے والے ہوائی مسافروں کو پرواز کے کرایوں میں اضافے کی تلخ حقیقت کا سامنا ہے۔ انتخابی ماحول اور ہولی کے قریب آنے والے تہوار کے درمیان بڑھتی ہوئی مانگ کے ساتھ، ایئر لائن کمپنیوں نے اپنے ٹکٹوں کی قیمتوں میں خاطر خواہ اضافہ کر دیا ہے، جس سے مسافروں کو بھاری قیمتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔