سرینگر//سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی نے انسٹی چیوٹ آف ہوٹل منیجمنٹ راجباغ کو ہدایت دی ہے کہ وہ ٹورسٹ فیسلیٹیٹر پروگرام کے نصاب کو جدید خطوط کے مطابق بڑھاوا دیں اور تعلیم کے معیار میں بہتری لانے کے اقدامات کریں۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار آئی ایچ ایم میں مختلف تربیتی پروگراموں اور کورسوں کا جائزہ لینے کے دوران کیا ۔ میٹنگ میں ناظم سیاحت محمود احمد شاہ ، انچارج آئی ایچ ایم قاضی شبیر بھی موجود تھے۔تصدق حسین مفتی نے کہا کہ اس ادارے میں پڑھائی جانے والے سیاحتی کورسوں کے نصاب میں اصلاح کرنے اور اس کو بڑھاواد دینے کی اشد ضرورت ہے انہوں نے ناظم سیاحت سے کہا کہ وہ نیا نصاب تشکیل دینے کے کام میں شریک ہوجائیں ۔ انہوں نے کہا کہ نیا نصاب جلد از جلد تیار کیا جانا چاہیئے۔وزیرنے کہا کہ طلاب کو اس قدر نکھارنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ تربیت پانے کے ساتھ ہی روزگار حاصل کرنے کے اہل بن سکیں۔انہوںنے کہا کہ ان تربیتی پروگراموں سے طلاب کے اعتماد کو تقویت ملتی چاہئے تاکہ وہ دور جدید کی مقابلہ آرائی میں کھرا اتر سکیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ اس ادارے میں ٹورسٹ فیسلیٹیٹر ، لینڈ سکیپنگ اور گارڈننگ جیسے کورس مئی 2017ء میں شروع کئے گئے اور اب تک 1752امید واروں نے تربیت مکمل کی ہے جبکہ 263امیدواروں کا عمل فروری 2018 ء میں مکمل ہوجائے گا۔بعد میں وزیر نے کئی طلاب کے ساتھ بات چیت کی اور ان کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ انہوں نے طلاب کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے گا۔