راجوری //راجوری ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے سیاحتی سرگرمیوں کوبڑھا وا دینے کی کوشش کے طور پر تیس افراد کو تین روزہ ٹریکنگ کیلئے روانہ کیاہے جو درہال کے بدھ کھناری سیاحتی مقام کو جائیں گے ۔اس عمل کی نگرانی ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد کررہے ہیں ۔ان ٹریکروں کی ٹیم کی قیادت اے ای ای راجوری ڈیولپمنٹ اتھارٹی زاہد ملک کررہے ہیں جنہیں سی ای او ڈیولپمنٹ اتھارٹی ڈاکٹر طاہر فردوس نے بیس اکتوبر کوہری جھنڈی دکھاکر پیر پنچال کے پہاڑوں کی طرف روانہ کیا ۔یہ ٹریکر اس دوران رچھوالی، تھمبل ، بھاوالی اور لمبی بہک سے ہوتے ہوئے شکر مرگ پہنچیں گے ۔واضح رہے کہ یہ مقام سطح سمندر سے 11000سے 12000اونچائی پر واقع ہے ۔ٹریکر شکر مرگ کے نزدیکی سیاحتی مقامات سیتی مرگ، چیرسری اور جنج والی بھی جائیں گے۔اس حوالے سے طاہر فردوس نے بتایاکہ اس ٹریکنگ کا مقصد سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دیناہے اور تیس افراد کو اس لئے پیر پنچال کے پہاڑوں پر بھیجاگیاہے تاکہ ان خوبصورت مقامات کو سیاحتی نقشے پر لانے کے اقدامات کئے جاسکیں ۔انہوں نے بتایاکہ اس دوران محکمہ صحت کی طرف سے ٹریکروں کیلئے تمام تر طبی سہولیات دستیاب رکھی گئی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے پروگرام آئندہ بھی ہوتے رہیں گے۔