بھدرواہ //کیلاش یاترا کی چھڑی مبارک میں شامل ہونے کے لئے ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ میں قدیم واسُکی ناگ مندر گاتھا ، جو کہ ریاست جموں و کشمیر میں ناگ کلچر کی ایک پہچان ہے، کے لئے سینکڑوں کی تعداد میںیاتری بھدرواہ وارد ہوئے۔تقریباً2066سال پُرانے مندر کے لئے ملک کے مختلف حصوں سے یاتری تین روزہ کیلاش یاترا میں شرکت کرنے کے لئے پہنچے ہیں۔چھڑی مبارک کے ساتھ یاترا آج یعنی 19اگست کو کیلاش کنڈ پہنچے گی۔ہر سال شروان پورنما کے14دنوں کے بعد ریاست جموں و کشمیر و ملک بھر کی دیگر ریاستوں سے یاتری اس یاترا میں شامل ہو جاتے ہیں۔یہ یاترا سخت ترین یاترا میں شمار کی جاتی ہے کیونکہ متبرک کُنڈ (جھیل) تک پہنچنے کے لئے 21کلو میٹر پہاڑی چڑھائی کا سفر کرنا ہوتا ہے، جو کہ سطح سمندر سے 14500 فٹ کی بلندی پر واقع ہے،جہاں پر یاتری متبرک پانی میں نہا کر ناگ دیوتا کے آشیرواد لیتے ہیں۔ایم ایل سی نریش گپتا، ایم ایل اے بھدروا ہ دلیپ سنگھ پریہار، جنتا دل(ایس) کے ریاستی صدرمست ناتھ یوگی ،صدر سناتن دھرم سبھا بھدرواہ وید کمار کوتوال نے بھی چھڑی مبارک کی یاترا میں شرکت کی۔اگرچہ ہر سال” کیلاش کنڈ “میں یاتریوں کی بڑی تعداد مذہبی جوش و جذبہ سے اس یاترا میں شرکت کرتے ہیں لیکن وہ سرکار ،بی ڈی اے اور محکمہ سیاحت کی جانب سے بنیادی سہولیات فراہم نہ کرنے پر سرکار سے خفا ہیں۔سورت ،گجرات کے ایک یاتری آروشی پٹیل نے کہا کہ میں نے اس یاترا کے بارے میں مار ناتھ جی یاترا کے دوران سُنا اور قدیم ناگ یاترا میں شرکت کرنے کا فیصلہ کیا ۔اُس نے کہا کہ میں آج دوسری مرتبہ اس یاترا میں شامل ہو رہا ہوں۔تاہم اُس نے سرکار کی جانب سے کئے جارہے انتظامات پر غیر اطمینان کا اظہار کیا ۔نہ صرف یاتری بلکہ بعض سیاست دان بھی سرکار کی عدم توجہی کے خلاف سرکار خصوصاً بھدرواہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے رویہ خلاف اُٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ان کا الزام ہے کہ سرکار س یاترا کے لئے پہلے مناسب انتظامات کر رہے تھے ۔ایم ایل سی نریش کمار گپتا نے مخلوط سرکار کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بد قسمتی کی بات ہے کہ تفصیلی پروجیکٹ برپورٹ پیش کرنے کے باوجود سرکار نے اس سڑک کو گاڑیوں چھتر گالہ سے ریشی ڈال تک آمد و رفت کے لائز بنناے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ یہ معاملہ ایوان میں اُٹھائیں گے ،تاکہ اس یاترا کو شری امر ناتھ جی اور ماتا ویشنو دیوی جی یاترا کے برابر کی سہولیات حاصل ہو ں۔ دریں اثنا سرکار نے یاترا کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں ۔ ایس ڈی پی او بھدرواہ برجیش شرما نے کہا کہ سرکار نے یاترا کے 21کلو میٹر کے راستے پر پولیس ، سی آر پی ایف اور فوجی جوانوں کو تعینات کیا ہے۔