محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کی سہڑی پنچایت میں آپسی تنازعے کے دوران شدید مارپیٹ ہوئی، جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری علاج کے لئے ضلع ہسپتال پہنچانا مقامی عوام اور وکلاء کی توجہ کا مرکز بن گیا۔اس موقع پر پونچھ کے سٹی تھانہ کے ایس ایچ ائو سچندر پال سنگھ نے فوری انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زخمیوں کو پولیس گاڑی کے ذریعے ہسپتال منتقل کروایا۔ وکلاء نے بھی یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور ایس ایچ ائوکے ساتھ مل کر زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔مقامی شہریوں نے اس بروقت اور قابل ستائش اقدام کو سراہا، جس سے انسانی ہمدردی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا ثبوت ملا۔واضح رہے کہ سہڑی پنچایت پولیس تھانہ منڈی کے دائرہ کار میں آتی ہے۔ اس کے باوجود، سٹی تھانہ پونچھ کے ایس ایچ ائونے فوری کارروائی کر کے انسانی جان کی حفاظت کو مقدم رکھا۔ضلع ہسپتال میں زخمیوں کے علاج کے ساتھ ساتھ، پولیس نے تنازعہ کی اصل وجوہات اور ممکنہ زیادتیوں کی تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں۔ تفتیش کار یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ مارپیٹ کس بنیاد پر شروع ہوئی اور اس کے پیچھے کون سے عوامل کارفرما تھے۔ تمام حقائق اور تحقیقات کی رپورٹ مکمل ہونے کے بعد ہی اصل وجوہات کا انکشاف کیا جائے گا۔