عاصف بٹ
کشتواڑ//سنیچر کی صبح کشتواڑ ضلع کے سگدی علاقے میں ایک پسی کی زد میں آکرکروزر گاڑی میں سوار آدھ درجن سے زائد افراد زخمی ہو گئے جنھیں علاج کیلئے ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب کروزر گاڑی سگدی کے بلانہ علاقے سے کشتواڑ کی طرف آرہی تھی جس دوران زیرتعمیر سڑک پر اچانک پسی کا ملبہ گاڑی پر آگرا۔ حادثے کے فورا بعد پولیس،مقامی لوگ و رضاکارتنظیموں نے بچاو کاروائی عمل میں لائی اور زخمیوںکو ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعے میں سات سے زائد افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ضلع ہسپتال کشتواڑ منتقل کیا گیا جہاں سے تین افراد کو مزید علاج و معالجے کیلئے میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا جہاں انکا علاج جاری ہے۔جی ایم سی جموں بھیجے گئے زخمیوں کی شناخت تنویر احمد ولد عبدل مجید ،روئی کمار ولد شیوناتھ و لکشمی دیوی زوجہ ایشر چند ساکنان سگدی کے طور ہوئی ہے۔ دریں اثناء پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند سڑک کو صاف کرنے کا عمل جاری ہے۔