عظمیٰ نیوزسروس
نئی دہلی //وزیر صحت اور میڈیکل ایجوکیشن ، سوشل ویلفئر اینڈ ایجوکیشن سکینہ ایتو نے پردھان منتری انوسوچت جاتی ابھیودے یوجنا ( پی ایم ۔ اے جے اے وائی ) کی مرکزی مشاورتی کمیٹی ( سی اے سی ) کے اجلاس میں شرکت کی ۔ سی اے سی کا اجلاس مرکزی وزیر برائے سوشل جسٹس اینڈ ایمپاورمنٹ ڈاکٹر ویریندر کمارکی سربراہی میں منعقد ہوا ۔ جس کا مقصد اس سکیم کی پیش رفت کا جائیزہ لینا اور ہندوستان بھر میں شیڈول کاسٹ ( ایس سی ) برادریوں کی سماجی و معاشی ترقی کیلئے حکمت عملی تیار کرنا ہے ۔ میٹنگ کے دوران سی اے سی نے سکیم کے تین اجزاء یعنی آدرش گرام ، گرانٹ ان ایڈ اور ہوسٹل کمپونینٹ پر وسیع پیمانے پر بات چیت کی ۔ کمیٹی نے سکیم کے تحت ایس سی کی بڑی آبادی تک پہنچنے، ریاستوں اور ضلعی سطحوں پر تعاون کو مستحکم کرنے ، معاشرے کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو فروغ دینے ، بروقت منصوبے کے نفاذ کو یقینی بنانے اور زیادہ سے زیادہ اثر کے حصول کیلئے نتائج کیی نگرانی اور اس کی تاثیر کو بڑھانے کیلئے حکمت عملیوں پر مزید غور کیا ۔ اجلاس میں جموں و کشمیر کی حیثیت پیش کرتے ہوئے سکینہ ایتو نے روشنی ڈالی کہ جے اینڈ کے میں اس سکیم کے تحت مختلف مقامات پر91سی ایس سی ، 4993شمسی لائٹس ، 63سمارٹ کلاسز ، 21جم ( اوپن /انڈور ) ، 11سمارٹ لائیبریریوں اور دیگر انفراسٹرکچر کو قائم کیا گیا ہے ۔ وزیر نے یہ بھی بتایا کہ 1715طلباء کو اس سکیم کے تحت ڈیٹا انٹری آپریٹر ، بیوٹی تھراپسٹ ، سی سی ٹی وی اور شمسی پینل انسٹالیشن ٹیکنیشن جیسے مختلف تجارت کے تحت تربیت دی گئی ہے ۔ وزیر نے اجلاس کے دوران ایس سی برادریوں کیلئے معاش ، تعلیم اور بااختیار بنانے کے مواقع کو بڑھانے کیلئے اس سکیم کی اہمیت پر زور دیا۔ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سوشل و یلفیئر جے اینڈ کے اور نوڈل آفیسر کوارڈینیشن پی ایم ۔ اے جے اے وائی ڈاکٹر ریہانہ اختر بجلی بھی اس اجلاس کے دوران وزیر موصوفہ کے ساتھ تھیں ۔