عظمیٰ نیوز ڈیسک
چندھی گڑھ//شرومنی اکالی دل میں اس وقت افرا تفری مچی ہوئی ہے۔ وجہ یہ ہے کہ اعلیٰ قیادت کو لے کر کشمکش والی حالت دیکھنے کو مل رہی ہے۔ کچھ بھی معلوم نہیں ہے کہ پارٹی کی سمت و رفتار آگے کیا ہونے والی ہے۔ کئی لوگوں کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہو رہا ہے کہ کیا شرومنی اکالی دل کا مستقبل بادل فیملی کے بغیر لکھا جائے گا؟ یہ سوال اسلئے اہم ہے کیونکہ پارٹی صدر سکھبیر سنگھ بادل نے پہلے ہی اپنے عہدہ سے استعفی دے دیا ہے۔ سبھی کی نظریں اب 10 دسمبر یعنی جمعہ کے روز ہونے والی میٹنگ پر مرکوز ہیں۔10جنوری کو اکالی دل کی مجلس عاملہ کی میٹنگ ہونی ہے جس میں پارٹی صدر کے نام اور آگے کے لائحہ عمل پر بھی غور و خوض کی امید ہے۔ اس میٹنگ میں پارٹی کی تشکیل نو اور نئی قیادت کے بارے میں سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔ پارٹی ترجمان دلجیت سنگھ چیما کا کہنا ہے کہ یہ اہم میٹنگ چنڈی گڑھ واقع پارٹی دفتر میں 10 جنوری کو دوپہر 3 بجے شروع ہوگی۔اکالی دل کے لیڈران نے حال ہی میں اکال تخت کے جتھہ دار گیانی رگھوبیر سنگھ سے ملاقات کی تھی۔ اس میٹنگ میں جتھہ دار نے کہا کہ پارٹی کو اپنے بنیادی اصولوں پر پھر سے کھڑا کرنا چاہیے۔ اس سے قبل گزشتہ سال 2 دسمبر کو اکال تخت کے سرکردہ 5 نمائندوں نے اکالی دل کی تشکیل نو کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ پارٹی کے کئی لیڈران اور کارکنان بھی اس معاملے میں اپنا نظریہ بیان کر چکے ہیں اور بیشتر کا یہی کہنا ہے کہ پارٹی کو نئے سرے سے مضبوطی دینے کے لیے ٹھوس قدم اٹھانا ضروری ہے۔