یو این آئی
غزہ// غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے ، ایک سکول پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم ازکم 11 افراد ہلاک ہوگئے ۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسکول پر حملے سے متعلق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے اس نے حماس کے کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا ہے ۔شہری دفاع کے ادارے کے ترجمان کے مطابق غزہ شہر میں بے گھر افراد کو پناہ دینے وال صفد سکول پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک خاتون اور بچی سمیت 11 افراد جاں بحق گئے ۔اسرائیلی فوج کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسکول پر فضائی حملے میں حماس کے کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔ حماس کے ارکان کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اندر کام کر رہے تھے جو پہلے غزہ کے صفد سکول کے طور پر اُمور انجام دیتا تھا۔دوسری جانب حماس کے زیرِ انتظام غزہ کی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ غزہ جنگ میں اب تک کم از کم 40,738 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں, جنگ کا11واں مہینہ جاری ہے ۔وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق مذکورہ تعداد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی 47 اموات بھی شامل ہیں جبکہ سات اکتوبر سے شروع ہونے والی اس جنگ میں زخمیوں کی تعداد 94,154ہوگئی ہے ۔
غزہ جنگ بندی معاہدہ | بائیڈن مذاکراتی ٹیم سے ملاقات کرینگے
یو این آئی
واشنگٹن// وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ غزہ میں ایک امریکی شہری سمیت 6 یرغمالیوں کی ہلاکت کے بعد صدر جو بائیڈن اسرائیل-حماس تنازع میں یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کے لیے مذاکرات کاروں سے ملاقات کریں گے ۔خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق جو بائیڈن کے سرکاری شیڈول میں وائٹ ہاؤس کے اجلاس کے لیے وقت مقرر کرنے کے لیے نظر ثانی کی گئی ہے ، اس اجلاس میں نائب صدر کملا ہیرس بھی شرکت کریں گی۔جو بائیڈن کے تازہ ترین شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اور کاملا ہیرس پیر کو امریکی شہری ہرش گولڈ برگ پولن اور 5 دیگر یرغمالیوں کی ہلاکت کے بعد امریکی یرغمالی معاہدے کی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ ملاقات کریں گے اور بقیہ اسیران کی رہائی کو یقینی بنانے والے معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کریں گے ۔دوسری جانب آج سے اسرائیل میں ایک ملک گیر ہڑتال شروع ہونے والی ہے جس کا مقصد وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی حکومت پر بقیہ اسیروں کی رہائی کے لیے دباؤ کو بڑھانا ہے ۔یرغمالیوں کے لواحقین اور وکلا نے بینجمن نیتن یاہو کی انتظامیہ پر قیدیوں کو زندہ واپس لانے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہ کرنے کا الزام لگایا ہے اور بقیہ اسیروں کی بازیابی کے لیے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے ۔