سرینگر// عدالت عالیہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ ریاستی حکومت سکولوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ہر سطح پر موثر اقدامات عمل میں لائے گی تاکہ مستقبل میں روشنی کے ان مراکز کو تباہ ہونے سے بچایا جاسکے ۔جسٹس محمد یعقوب میر اور جسٹس علی محمد ماگرے پر مشتمل ڈویژن بنچ نے صوبائی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کی جانب سے اس معاملے میں کئے گئے اقدامات سے آگاہی حاصل کرنے کے بعد کہاکہ ’’ تعلیم کے مراکز روشنی پھیلاتے ہیں اور طلباء کی دانش کاافق وسیع کرتے ہیں جس کے ساتھ تمام محاذوں کی ترقی مربوط ہے ۔مفاد عامہ کے تحت ازخود زیر سماعت لائی گئی عرضی پر عدالت عالیہ کے ڈویژن بنچ نے حکومت کو ہدایت دی کہ جن شر پسند عناصر نے اسکولی عمارتوں کو خاکستر کیا یا انہیں نقصان پہنچایا ،کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے ۔ڈویژن بنچ نے کہاکہ’’ ہم یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ شر پسند عناصر کے ہاتھوں سکولوں کو جلانا یا نقصان پہنچانا کسی بھی صورت میں قابل برداشت نہیں ہے ۔اس سے قبل ڈویژنل کمشنر کشمیر ،آئی جی پی اور ڈائریکٹر ایجوکیشن کشمیر ،جو سماعت کے دوران عدالت میں حاضر رہے ،نے سکولوں کو تباہ ہونے سے بچانے کیلئے سرکاری سطح پر کئے گئے اقدامات کے حوالے سے جانکاری فراہم کی ۔