بلال فرقانی
سرینگر// حکومت نے جمعرات کو بھی دونوں خطوں میں تمام تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ محکمہ تعلیم کی وزیر سکینہ ایتو نے بدھ کو’ ایکس‘ پر اپنا پیغام درج کرتے ہوئے کہا جموں اور کشمیر میں جمعرات کو تمام سکول اور کالج بند رہیں گے۔انہوں نے کہا’’ نامساعد موسمی صورتحال کے پیش نظر جموں و کشمیر میں 28اگست کو تمام اسکول بند رہیں گے۔ وزیر کے اس بیان کے بعد محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر کشمیر نے بھی ایک حکم نامہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ نا خوشگوار موسمی صورتحال اور طلاب کی حفاظت کیلئے صوبہ کشمیر میں سرکاری و سرکار سے تسلیم شدہ نجی اسکول28اگست کو بند رہیں گے۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم کے فائنانسل کمشنر نے ایک آرڈر جاری کیا جس میں کہا گیا کہ جموں اور کشمیر میں28اگست کو تمام یونیورسٹیاں بند رہیں گی۔ اس دوران کشمیر یونیورسٹی نے جمعرات کو ہونے والے تمام امتحانات کو موخر کیا ہے۔ جموں کشمیر سروس سلیکشن بورڈ کے کنٹرولر کے مطابق پولیس بھرتی کیلئے فزیکل ایجوکیشن ٹیسٹ اور پی ایس ٹی امتحانات کو ملتوی کیا گیا۔اور نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔اسسٹنٹ کنٹرولر امتحانات کشمیر یونیورسٹی کی جانب سے جاری حکم نامہ کے مطابق28اگست کو منعقد ہونے والے تمام امتحانات کو موخر کیا گیا ہے۔ صوبائی کمشنر جموں نے بھی کہا کہ صوبے میں28اگست جمعرات کو تمام تعلیمی ادارے،بشمول ڈگری کالج، اسکول،یونیورسٹیاں اور کوچنگ مراکز بند رہیں گے۔ جموں کشمیر ہائی کورٹ کے راجسٹرار رکیورٹمنٹ کے مطابق بھاری بارشوں اور نا خوشگوار موسم کی وجہ سے’ ریڈر‘ کیلئے28اگست کو جموں اور سرینگر مراکز میں ہونے والے آن لائن سی بی ٹی امتحانات کو ملتوی کیا گیا ہے ،اور یہ امتحانات اب13ستمبر کو ہونگے۔