سکول بس کی زد میں آکر طالب علم جاں بحق،شوپیاں میں نامعلوم نعش برآمد

عظمیٰ نیوز سروس

کولگام// جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے دیوسر کے کیلم علاقے میں بدھ کو مبینہ طور پر سکول بس کی زد میں آکر ایک کمسن لڑکا لقمہ اجل بن گیا۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ کولگام کے ایک نجی سکول کی بس نے مبینہ طور پر سکول کے ایک لڑکے کو اُس وقت ٹکر مار دی ، جب وہ سڑک عبور کر رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ طالب علم کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ دریں اثناء پولیس موقع پر پہنچ کر شواہد جمع کئے اور قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ادھر شوپیاں ضلع کے فیری پورہ کے نالہ چمنی میں کچھ راہگیروں نے ایک نامعلوم لاش کو دیکھا جنہوں نے اس کی اطلاع پولیس کو دی۔پولیس کی ایک ٹیم نے لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ انہوں نے بتایا کہ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ اسکی شناخت کی جا رہی ہے۔ پولیس نے اس حوالے سے تفتیش شروع کر دی ہے۔