محمد تسکین
بانہال //ضلع رام بن میں بانہال اور کھڑی کے علاقوں میں ریچھوں کی نقل و حرکت عوام کیلئے باعث پریشانی بنی ہوئی ہے اور لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکلنے میں احتیاطی تدابیر کو اپنا رہے ہیں۔سب ڈویژن بانہال کے ناگم ، ٹھٹھاڑ اور تحصیل کھڑی کے کوٹ علاقے میں سکولوں ، بستیوں اور باغات کے اندر اور اس پاس ریچھوں کی موجودگی کی خبروں کے بعد محکمہ وائلڈ لائف کی طرف سے دن رات کی بنیادوں پر تلاش کاروائیوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے لیکن ابھی تک محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیموں کو کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ پچھلے چند مہینوں کے دوران ریچھ کے حملوں میں کئی افراد شدید طور سے زخمی ہوئے اور چند ایک ابھی بھی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔سب ڈویڑن بانہال میں وائلڈ لائف کنٹرول روم کے انچارج نجم الدین نائیک نے بتایا کہ مختلف مقامات پر ریچھوں کی اطلاعات کے بعد ٹیموں کو روانہ کیا جاتا ہے اور لوگوں میں پٹاخے تقسیم کئے جاتے ہیں اور احتیاطی تدابیر کیلئے جانکاری فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریچھ کو پکڑنے کیلئے سکولوں ، بستیوں اور باغات کے آس پاس محکمہ کی طرف سے گھات بھی لگائے گئے ہیں مگر ریچھوں کا سراغ نہیں مل سکا ہے۔انہوں نے کہاکہ کوشش ہے کہ بار بار بستیوں کا رخ کرنے والے ریچھوں کو بیہوش کرکے جنگلوں میں چھوڑ دیا جائے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جنگلی جانوروں کو دیکھنے کی صورت میں شور نہ مچائیں اور صبح و شام گروپوں کی صورت میں باہر نکلیں۔