سرینگر// وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ سکولوں اور کالجوں میں کونسلنگ سیلوں کے قیام طُلبہ کی رہبری کے لئے انتہائی ضروری ہے اور حکومت ان کو جلد قائم کرنے کی متمنی ہے۔انہوں نے کہا کہ کونسلنگ طُلبہ کو تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے اہل بنا سکتا ہے اور طُلبہ اپنی تجاویز سلیبس تیار کرنے میں فراہم کرسکتے ہیں جس کے نتیجے میں تعلیمی ماحول میں گرانقدر تبدیلی آسکتی ہے۔ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے کوٹھی باغ ہائیر سکینڈری سکول میں منعقدہ رو برو پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیکرٹری سکول ایجوکیشن فاروق اے شاہ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو، ڈپٹی کمشنر سرینگر سید عابد رشید، سی ای و سرینگر فاروق احمد ڈار کے علاوہ پرنسپل صاحبان، زونل افسران بھی وزیر کے ہمراہ تھے۔گفتگو کے دوران وزیر نے ضلع سرینگر کے کئی سکولوں کے طُلبہ کے بہت سارے سولات کے جواب دیئے۔ طُلبہ کے مطالبات کے رد عمل میں الطاف بخاری نے کہا کہ حکومت ان کے مسائل کو حل کرنے میں تمام تر کوششیں کر رہی ہے۔طُلبہ کے اصرار پر بخاری نے اعلان کیا کہ اساتذہ کی2400 اسامیوں میں سے10 فیصد کوٹا اردو اساتذہ کے لئے مخصوص رکھا گیا ہے جن کی بھرتی سروسز سلیکشن بورڈ عمل میں لائے گا۔اس موقعہ پر سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔بعد میں وزیر موصوف نے دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت سے تعلق رکھنے والے 40 ذہین طُلبہ میں بائی سائیکل تقسیم کئے۔