سرینگر//وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے ریاست کے سکولوں اور کالجوں میں ڈیزاسٹر منیجمنٹ کو ایک مکمل مضمون کے طور متعارف کرنے کا اعلان کیا ہے ۔وزیرموصوف نے یہ اعلان یونیورسٹی آف کشمیر میں ڈیزاسٹر منیجمنٹ میں پوسٹ گریجویشن کرنے والے طلاب کے ایک وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ ان طلباءنے ریاست میں ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایک مضمون کے طور پر تعلیمی اداروں میں شروع کرنے کا معاملہ ابھارا ۔انہوںنے کہا کہ لوگوں کوآفات سماوی سے متعلق پہلوﺅں کے بارے میں جانکاری دی جانی چاہئے کیونکہ یہ ریاست اعلیٰ سیسمک زون میں واقع ہے اور صرف یونیورسٹی کی طرف سے یہ مضمون پڑھانا ہی کافی نہیں ہے ۔الطاف بخاری نے تجویز کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ اس مضمون کے لئے اساتذہ کی علاحدہ اسامیاں پبلک سروس کمیشن کو ریفر کی جائیں گی۔وزیرموصوف نے طلبا ءسے کہا کہ وہ رمضان المبار ک کے بعد امیرا کدل حلقے میں ایک ہفتہ طویل بیداری پروگرام منعقد کریں اور لوگوں کو 2014ءکے تباہ کن سیلاب کی وجوہات کے بارے میں لوگوں کو روشناس کرانے کے ساتھ احتیاطی تدابیر کے بارے میں بھی جانکاری دیں۔