اودہمپور// وزیر برائے تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت نے سکولوں اور کالجوں میں عملے کی معقول تعیناتی اپنی ترجیحات میں شامل رکھی ہے۔وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے واضح ہدایت دی ہے کہ کسی بھی سکول اور کالج کو عملے کی کمی کے باعث مشکلات کا شکار نہیںہونے دیا جائے گا اور محکمہ نے سکولوں اور کالجوں کے لئے اساتذہ کی تقرری کا عمل شروع کیا ہے۔گورنمنٹ زنانہ کالج اودہمپور میں جغرافیہ بلاک کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد طلاب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے سکول اورکالج سربراہوں کو عملے کی ضرورت کی تفصیل اعلیٰ حکام کو پیش کرنے کے لئے کہا تا کہ طلاب کو اس ضمن میں کسی بھی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اودہمپور زنانہ کالج کا قیام1986 میں عمل میں لایا گیا تھا اور فی الوقت کالج میں2700 طالبات درج ہیں۔وزیر نے اس موقعہ پر ہوسٹل عمارت کی تعمیر، سائنس بلاک کی توسیع، کنٹین بلاک کی تعمیر کا اعلان کیا۔ انہوں نے5.37 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے جغرافیہ بلاک کی تکمیل کے لئے9 ماہ کی مدت مقرر کی جس کی تعمیر کا کام آج شروع کیا گیا۔مقامی قانون ساز پون گپتا،ڈائریکٹر کالجز اور ضلع کے ڈپٹی کمشنر بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔