حیدرآباد// تلنگانہ کے سکندرآباد کے گاندھی اسپتال میں سوائن فلو کے پانچ نئے معاملات درج کئے گئے ہیں۔ متاثرین میں ایک مرد ' دو خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔ گاندھی اسپتال کے نوڈل افسر نریندر نے کہا کہ چھوٹے بچوں کی حالت تشویشناک ہے ۔انہوں نے کہا کہ بیماریوں سے لڑنے کی جسم میں طاقت کی کمی سے سوائن فلو تیزی سے پھیلتا ہے جس کیلئے احتیاط کی ضرورت ہے ۔ سوائن فلو کی علامات کے ساتھ اسپتال سے رجوع ہونے والے مریضوں کے خون کے نمونوں کو حاصل کرتے ہوئے جانچ کے لئے لیب بھیجا جارہا ہے ۔انہوں نے عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ سوائن فلو کے معاملات میں اضافہ درج کیا جارہا ہے ۔ چھوٹے بچے اور ضعیف افراد کو کافی احتیاط کرنا چاہئے ۔ہرروز سوائن فلو کی علامات کے ساتھ کئی مریض گاندھی اسپتال سے رجوع ہورہے ہیں۔ ٹیچنگ اسپتالوں ' ڈسٹرکٹ اسپتالوں اور ایریا اسپتالوں میں دواوں کا مناسب اسٹاک رکھا گیا ہے ۔ مریضوں کو پرائیویٹ اسپتالوں میں مفت جانچ کی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ وہ شدید بخار ' چھینک 'کھانسی اور بدن درد جیسی سوائن فلو کی علامات پر اسپتال سے رجوع ہوں ۔ شہری ' پرہجوم مقامات میں جانے سے گریز کریں ' وقفہ وقفہ سے اپنے ہاتھ دھوتے رہیں 'ہاتھ ملانے سے گریز کریں' چھینک یا کھانسی آنے پر اپنے منہ پر ہاتھ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپتالوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سوائن فلو کی مشتبہ علامات کے ساتھ آنے والے مریضوں کا معائنہ کیا جائے ۔ ان کو علحدہ وارڈ میں رکھا جائے اور نمونوں کو انسٹی ٹیوٹ آف پریونٹیو میڈیسن بھیجا جائے ۔