کشتواڑ//سکنائی کشتواڑ کے آگ متاثرین کی باز آباد کاری کے تحت کانگریس نے 100سے زیادہ متاثرہ کنبوں کو ایک کروڑ روپے کی مالی معاونت فراہم کی ۔ اس موقعہ پر کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے متاثرہ کنبوں میں ایک ہزار سے زیادہ کمبل تقسیم کرنے کے دوران سرکار پر زور دیا کہ متاثرہ کنبوں کی مکمل باز آباد کاری کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔اس دوران غلام احمد میر نے سرحدی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نقل مکانی کرنے والے کنبوں کی سلامتی کیلئے مکمل اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔کانگریس ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے کچھ سینئر لیڈروں کے ہمراہ ضلع کشتواڑ کے دو ر افتادہ گائوں سکھنائی جا کر وہاں گزشتہ دنوں تباہ کن آگ سے بے گھر ہوئے100سے زیادہ کنبوں میں تقریباً1کروڑ روپے سے زیادہ کی امدادی رقم کے علاوہ ہزاروں کمبل تقسیم کئے۔ ریاستی کانگریس کے ترجمان نے بتایا کہ پارٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر ، جی ایم سروری ، ممبر اسمبلی گلزار وانی اوربلبیر سکھنائی کشتواڑ گئے اور انہوں نے وہاں پارٹی کی طرف سے ان 100سے زیادہ کنبوں کو فی کنبہ 50ہزار روپے کے علاوہ ممبر پارلیمنٹ غلام نبی آزاد کے فنڈ سے مزید 30ہزار روپے فی کنبہ تقسیم کئے جبکہ اس دوران آگ متاثرہ کنبوں میں ایک ہزار سے زیادہ کمبل بھی تقسیم کئے گئے۔ اس موقعہ پر کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر ، جی ایم سروری ، ممبر اسمبلی گلزار وانی اوربلبیر نے آگ متاثرین کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ انکی پارٹی باز آباد کاری کا م میں متاثرین کی مدد جاری رکھے گی تاہم ریاستی کانگریس کے صدر نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ آگ متاثرین کو پختہ مکانات بنانے اور اپنی زندگیاں دوبارہ شروع کرنے کیلئے فوری مدد فراہم کی جائے۔ ادھر مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا کہ بستی کے نزدیک فائر اینڈ ایمر جنسی سروسز کے ایک سینٹر کا قیام عمل میں لایاجائے تاکہ بو قت ضرور ت آگ کی وارداتوں پر جلد سے جلد قابو پایا جاسکے۔ادھر کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میرو جی ایم سروری نے بیان میں جموں صوبہ میں حد متارکہ اور بین الاقوامی سرحد پر جاری صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ نقل مکانی پر مجبور ہونے والے کنبوں کی حفاظت اور سلامتی کیلئے فوری اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔واضح رہے کہ یہ ٹیم کانگریس کی قومی صدرسونیاگاندھی کی ہدایت پرکشتواڑپہنچی اورامدادی سامان تقسیم کیا۔اس قدم کی بڑے پیمانے پرسراہناکی جارہی ہے۔دورے کے دوران کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر ، جی ایم سروری ، ممبر اسمبلی گلزار وانی اوربلبے نے واڑون ودیگرعلاقہ جات میں معززشہریوں کیساتھ ساتھ کانگریس کارکنان کیساتھ بھی مفصل بات چیت کی اورمقامی سطح پرعوام کو درپیش مسائل پرتبادلہ خیال کیا۔