جموں//صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے کل قانون ساز کونسل میں سیف الدین بٹ کے ایک سوال کے جواب میں ایوان کو بتایا کہ اس سال 7؍ جنوری کو حاصل کی گئی پیٹسکین مشین سکمز صورہ میں باضابطہ کام کر رہی ہے جس سے کینسر جیسے مہلک مرض کا پتہ لگایا جاسکتا ہے۔ قیصر جمشیدلون اور وبودھ گپتا کے ضمنی سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت نے جموں اور سرینگر میں دو ریاستی سطح کے کینسر انسٹی چیوٹ قائم کرنے کے لئے 120 کروڑ روپے منظور کئے ہیں۔ رومیش اروڑہ ، قیصر جمشید لون اور اجات شترو سنگھ کے مشترکہ سوال کے جواب میں وزیر نے ایوان کو بتایا کہ نرکوٹیک ڈرگس اور سائیکو ٹراپک آڈیننس / ایکسائز ایکٹ کے تحت 888 کیس رجسٹر کئے گئے ہیں اور 1213 اشخاص گرفتار کئے گئے ہیں ۔ اشوک کھجوریہ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ گزیٹیڈ اور نان گزیٹیڈ کیڈروں کے ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کے 579اور 1817 خالی اسامیاں پُر کرنے کے لئے متعلقہ بھرتی ایجنسیوں کو بھیجے گئے ہیں۔