سرینگر //شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں سال 2020-21 کے درمیان 9لاکھ 38 ہزار 337مریضوں کا او پی ڈی میں علاج کیا گیا جبکہ 22ہزار 375 جراحیاں بھی انجام دی گئیں، جبکہ اسپتال میں 76ہزار 24افراد کا داخلہ بھی کیا گیا ۔ اسپتال کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ 25اکتوبر 2021تک شعبہ او پی ڈی میں 9لاکھ 38ہزار 337افراد کا او پی ڈی میں علاج و معالجہ کیا گیا جن میں 76ہزار 24مریضوں کا اسپتال میں داخلہ کرنا پڑا ۔اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ اسپتال میں روزانہ 190مریضوں کا داخلہ کیا جاتا ہے اور اسطرح ہر دن 67فیصد بستر مریضوں سے بھرے پڑے رہتے ہیں۔ اسپتال میں مریض کم سے کم 5دنوں تک داخل رہتے ہیں ۔ سال کے دوران مجموعی طور پر 22ہزار 375 جراحیاں انجام دی گئیں ، جن میں 16 ہزار 837بڑی اور 5ہزار 538چھوٹی جراحیاں شامل ہیں۔ ایک سال کے دوران مجموعی طور پر 15لاکھ 7ہزار 17 ٹیسٹ کئے گئے ۔ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ 18ہزار 193افراد کو کورونا مخالف ویکسین دیا گیا جن میں 14ہزار 885 افراد کو Covisheild جبکہ 3308 افراد کو Covaxinدیا گیا ۔ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ Covisheild لینے والے 14ہزار 885 افراد میں 8 ہزار 719 کو پہلا ڈوز جبکہ 6166 افراد کو دوسرا ڈوز دیا گیا۔ اسپتال میں Covaxin لینے والے 3308افراد میں 1782افراد کو صرف پہلا ڈوز دیا گیا جبکہ 1526افراد کو دونوں ڈوز دئے گئے ہیں۔ شعبہ رابط عامہ کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر کلثوم بٹ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ٹیلی کلنسلٹیش کے ذریعے بھی مریضوں کا علاج و معالجہ کیا گیا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ہر ڈاکٹر روز 20سے 30مریضوں کو ٹیلی فون کے ذریعے علاج یا مشورے دیتے رہے ہیں۔