سرینگر// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بمنہ میں سکمز میڈیکل کالج کے250 بستروں والے ہسپتال اور کالج بلاک کی عمارتوں کا سنگ بنیاد رکھا۔172.25 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس کمپلیکس میں عوام کی آسائش کے لئے تمام جدید طرز کی سہولیات دستیاب رکھی جائیں گی۔اس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے تعمیراتی ایجنسیوں کو پروجیکٹ کی تکمیل 3 سال کے اندر اندر مکمل کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اس کثیر السہولیاتی کمپلیکس کی بدولت ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو راحت نصیب ہوگی۔وزیر اعلیٰ نے میڈیکل کالج کے پرنسپل سے کہا کہ وہ کمپلیکس کی تکمیل کے فوراً بعد وہاں تشخیصی سازو سامان اور دیگر مشینیں نصب کرائیں۔2260 مربع کلو میٹر رقبے پر محیط نیا کالج بلاک8 منزلوں پر مشتمل ہوگا جبکہ ہسپتال بلاک7 منزلوں والا ہوگا جس میں100 گاڑیوں کو پارک کرنے کی گنجائش رکھی جائے گی۔ایم ایل اے بٹہ مالونور محمد شیخ، سکمز ڈائریکٹر پروفیسر عمر جاوید شاہ، ایڈیشنل ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر فردوس گری، پرنسپل سکمز میڈیکل کالج بمنہ پروفیسر ریاض اونتو، سکمز گورننگ باڈی کے ممبران، ڈویثرنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، آئی جی پی کشمیر زون ایس پی پانی، سنئیر فکیلٹی ممبران اور لوگوں کی خاصی تعداد موجود تھی۔