سرینگر// سکمز میڈیکل کالج بمنہ کے پرنسپل ڈاکٹر ریاض ایتو اپنے عہدے سے مستعفی ہوئے ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ریاستی حکومت نے ایک ہفتہ قبل سکمز میڈیکل کالج بمنہ کیلئے پرنسپل کی اسامی کیلئے درخواستیں طلب کرنے کا فیصلہ لیا جس کے احتجاج میں ڈاکٹر ریاض ایتو نے سکمز انتظامیہ کو کل اپنا استعفیٰ پیش کیا۔ ڈاکٹرریاض ایتوسکمزبمنہ میں شعبہ امراض چشم کے سربراہ ہیں اور انہیںسال 2016کے نامساعد حالات کے دوران سکمز بمنہ میں بطور انچارج پرنسپل تعینات کیا گیا۔ ڈاکٹر ریاض احمد ایتو نے کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی حکومت نے ایک ہفتہ قبل پرنسپل کی اسامی کیلئے اشتہار مشتہر کرنے کا فیصلہ کیااور اس کے بعد میرا کرسی پر بیٹھنا کوئی جواز نہیں رکھتا ۔انہوں نے بتایا ’’ میں اور میرے دیگر ساتھیوں نے نامساعد حالات کے دوران سکمز بمنہ میں بہتری لائی اور نامساعد حالات کے دوران تقریب 700اضافی مریضوں کو بہترین علاج و معالجہ فراہم کیا ‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ ایسا لگتا ہے کہ انتظامیہ کو مجھ پر بھروسہ نہیں اور اسلئے میں از خود استعفیٰ دے رہاہوں تاہم میں اپنے شعبہ میں بطور سربراہ کام کرتا رہوں گا‘‘۔