عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر ایڈز کنٹرول سوسائٹی اور شیر کشمیر اِنسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز)صورہ سری نگر کے درمیان آج ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے گئے تاکہ لوگوں کی مفت ایچ آئی وی وائرل لوڈ ٹیسٹنگ شروع کی جا سکے۔فی الحال، پی ایل ایچ آئی وی کے نمونے وائرل لوڈ ٹیسٹنگ کے لئے چنڈی گڈھ بھیجے جا رہے ہیں۔ سکمز صورہ میں اِن ہائوسنگ ٹیسٹنگ حتمی نتائج کی رپورٹنگ میں تبدیلی کے وقت میں کمی آئے گی جس سے ڈاکٹروں کو پی ایل ایچ آئی وی کو بروقت علاج فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ جے کے اے سی ایس اور جی ایم سی جموں کے درمیان کچھ دن پہلے ہی اسی طرح کے مفاہمت نامے پر دستخط کئے گئے تھے اور اب سکمز کے ساتھ مفاہمت نامہ پر دستخط ہونے سے جموں و کشمیر کے مریضوں کو بہت فائدہ پہنچے گا کیوں کہ ان کے اپنے علاقے میں اس طرح کی سہولیت سے بہت وقت ، کوشش اور اخراجات کی بچت ہوگی۔اس مفاہمت نامے پر ڈائریکٹر سکمز پروفیسر پرویز اے کول کی موجودگی میں دستخط کئے گئے۔ اِس موقعہ پر ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر،جموں و کشمیرڈاکٹر تبسم جبین، ایڈیشنل ڈائریکٹرجموں و کشمیر ایڈز کنٹرول سوسائٹی، صحت و طبی تعلیم محکمہ ڈاکٹر منو بھٹناگر،سربراہ ڈیپارٹمنٹ آف مائیکربیالوجی سکمز ڈاکٹر بشیر احمد اور جموں و کشمیر ایڈز کنٹرول سوسائٹی کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔