سرینگر //شیر کشمیر انسٹیچوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ کے شعبہ پلاسٹک سرجری کے ڈاکٹروں نے تین سالہ بچے کی تین انگلیوں کو پھر سے جوڑ دیا ہے جو موٹر سائیکل کے ویل میں پھنس کر کٹ گئی تھیں۔ 14گھنٹوں کی سخت مشقت کے بعد ڈاکٹروں کی ٹیم بچے کی تین انگلیوں کو دوبارہ جوڑنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ تفصیلات بتاتے ہوئے شعبہ پلاسٹک سرجری کے سربراہ ڈاکٹر عادل حفیظ نے بتایا ’’عام طور پر بچے کی ایسی جراحیاں کرنا کافی مشکل ہوتا ہے کیونکہ بچوں کی جلد ، نسیں کافی نرم اور چھوٹی ہوتی ہیں مگر یہ تبھی ممکن ہوتا ہے جب آپ کے پاس ماہرین موجود ہونے کے علاوہ جدید آلات مثلاًجراحی کیلئے مائکراکسکوپ، چھوٹے آلات اور دیگر اعلیٰ آلات دستیاب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی جراحیاں شعبے میں ہوتی رہتی ہیں مگر سنیچر کو ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے یہ جراحی تین سالہ بچے کو انگلیوں کو جوڑنے کیلئے کی۔ ڈاکٹروں کی ٹیم ڈاکٹر میر محسن اور ڈاکٹر ہارون پر مشتمل تھی جنہوں نے یہ کارنامہ شعبہ پلاسٹک سرجری کے سربراہ ڈاکٹر عادل حفیظ کی نگرانی میں انجام دیا ۔ اس موقعے پر ڈائریکٹر سیکمز ڈاکٹر عمر جاوید شاہ نے شعبہ پلاسٹک سرجری کو یہ جراحی انجام دینے پر مبارکباد دی ہے اور اُمید ظاہر کی ہے کہ سیکمز ایسی جراحیاں عمل میں لانے پر سبقت لے گا۔ ہاتھ میں کٹی انگلیاں واپس نصب کرنا پوری دنیا میں سخت مشکل جراحیوں میں شمار کی جاتی ہے کیونکہ ہاتھ انسانی جسم کا ایک ضروری حصہ ہے۔